news

شکست خوردہ بھارتیوں نے آسٹریلوی سمجھ کر’’کیوی کرکٹر‘‘ کونشانے پررکھ لیا  

نیوزی لیںڈ کے آل راؤنڈر جمی نشیم نے بھارتی فینز کے نازیبا میسجز کے اسکرین شارٹ شیئر کردیئے۔

شکست خوردہ بھارتیوں نے آسٹریلوی سمجھ کر’’کیوی کرکٹر‘‘ کونشانے پررکھ لیا  

آسٹریلیا کے ہاتھوں ہوم گراؤنڈ پر فائنل ہارنے کے بعد بھارتی فینز نے آسٹریلوی سمجھ کر کیوی کرکٹر کو تنقید اور تضحیک کے نشانے پر رکھ لیا۔ 
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق اتوار کے روز نریندر مودی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ورلڈکپ 2023 کے فائنل میچ میں شکست کے بعد انتہا پسند بھارتی کرکٹ فینز نے کیوی کرکٹر جمی نشیم کو نازیبا کمنٹس کیے جس کے اسکرین شارٹس سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہے ہیں۔ 
کیوی کرکٹر جمی نشیم نے اپنے انسٹاگرام کے ڈی ایم پر موصول ہونے والے پیغامات کے اسکرین شاٹس شیئر کرتے ہوئے حیرت سے پوچھا  کہ میں نے کیا چیز مِس کردی ہے؟۔ 
بھارتی فینز کی بدسلوکی کا جواب مزاحیہ انداز میں دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فائنل میں بھارت کو آسٹریلیا نے شکست دی ہے اور نیوزی لینڈ ایک الگ ملک ہے۔،،
کیوی کرکٹر نے بھارتی فینز کے رویے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ کھیل لوگوں کو جذباتی بناتے ہیں لیکن آپ کو اپنے غصے پر قابو رکھنا آنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے نہیں معلوم ایسی نفرت کہاں سے آتی ہے لیکن ان شائقین کو چاہیے کہ اپنی توانائی کو کسی اچھی جگہ پر استعمال کریں، فائنل میں آسٹریلیا ٹاس سے لے کر میچ کی آخری گیند تک بہترین ٹیم تھی اور اس بات کو سب کو تسلیم کرنا پڑے گا۔،،  
قبل ازیں بھارتی فینز کی جانب سے ورلڈکپ فائنل کی شکست کے بعد آسٹریلوی کرکٹر ٹریوس ہیڈ کی اہلیہ اور ایک سالہ بیٹی کو ریپ کرنے کی دھمکیاں دی گئیں جبکہ گلین میکسویل کی بھارتی نژاد اہلیہ پر بھی نازیبا جملے کسے گئے تھے۔