news
English

ورلڈکپ: شعیب اختر نے بابرالیون کو افغان ٹیم سے خبردار کردیا  

چینائی میں اسپن ٹریک ہوگا اور وہاں کی کنڈیشنز افغان ٹیم کے حق میں ہوں گی، سابق پیسر

ورلڈکپ: شعیب اختر نے بابرالیون کو افغان ٹیم سے خبردار کردیا  

آئی سی س ورلڈکپ 2023 میں افغانستان کے خلاف میچ سے قبل راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر نے قومی ٹیم کو خبردار کردیا۔ 
سابق کرکٹر نے اپنے یوٹیوب چینل پر ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے آسٹریلیا کے خلاف پاکستان کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا اور قومی ٹیم کی ناقص پرفارمنس کو اجاگر کرتے ہوئے بابراعظم پر تنقید کی کہ ان کا کینگروز کے خلاف بیٹنگ وکٹ پر ٹاس جیت کر بالنگ کا فیصلہ سمجھ نہیں آیا۔
 
انہوں نے کہا کہ کپتان بابراعظم کو چاہیے تھا کہ 320 یا اس سے زائد کا اسکور کھڑا کرکے بالرز کو موقع دیں کہ وہ انہیں میچ جتوائیں، بطور کپتان آپ بڑی ٹیموں کے خلاف پرفارم نہ کرکے بڑے کھلاڑی نہیں بن سکتے۔  
شعیب اختر نے کہا کہ پاکستان کو افغان ٹیم کو سنجیدگی سے لینا پڑے گا کیونکہ چینائی کے اسٹیڈیم میں اسپن ٹریک ہوگا اور پاکستان کو مشکل پیش آسکتی ہے۔ 
راولپنڈی ایکسپریس نے کہا کہ افغان ٹیم مضبوط حریف ہے اور ٹریک کو دیکھتے ہوئے لگتا ہے کہ وہاں کی کنڈیشنز افغانستان کے حق میں ہوں گی تاہم مجھے یقین ہے کہ قومی ٹیم قوم کو مزید مایوس نہیں کرے گی۔ 
واضح رہے کہ قومی ٹیم ایونٹ میں اپنا پانچواں میچ آج افغانستان کے خلاف کھیلے گی، گرین شرٹس نے 4 میچز میں سے 2 میں فتوحات سمیٹی ہیں جبکہ 2 میچز میں انہیں شکست کا منہ دیکھنا پڑا ہے۔