news
English

پاکستان کے پاس جیت کا ایک بہترین موقع تھا جسے ضائع کردیاگیا، شعیب اختر

بھارت کے ہاتھوں پاکستان کو شکست، سابق اسپیڈ اسٹار شعیب اختر کی قومی ٹیم کی کارکردگی پر کڑی تنقید۔

پاکستان کے پاس جیت کا ایک بہترین موقع تھا جسے ضائع کردیاگیا، شعیب اختر

قومی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے اتوار کےروز ناساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2024ء کے اہم مقابلے میں بھارت کے ہاتھوں پاکستان کی شکست پر شدید مایوسی کا اظہار کیا ہے۔ اپنی تازہ ترین یوٹیوب ویڈیو میں شعیب اختر نے بابر اعظم کی ٹیم کی کارکردگی اور ارادے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کھیل ان کی گرفت میں تھا اگریہ کھلاڑی "اپنے دماغ کا استعمال" کرتے تو آسانی سے میچ جیت سکتے تھے۔ 
شعیب اختر نے کہا کہ "یہ ہمارے لیےبہت مایوس کن دن تھا، یہ پاکستان کے لیے فی بال ایک رن کا ہدف تھا، اس سے پہلے بھارت کے مڈل آرڈر نے خراب کھیلا، وہ 11 اوورز میں 80 رنز بناچکےتھے اور 160 کے قریب حاصل کر سکتے تھے لیکن نہیں کر سکے مگر پاکستان کے لیے فتح حاصل کرنے کا یہ ایک بہترین موقع تھا جسے ضائع کردیاگیا۔،، 
سابق اسپیڈ اسٹار نے کہا کہ رضوان مزید 20 رنز بنا کر ٹیم کو میچ جتوا سکتے تھے۔ افسوس کی بات ہے کہ ہم نے اپنا دماغ نہیں لگایا۔"
انہوں نے پاکستانی ٹیم کی جانب سے حکمت عملی پر عمل نہ کرنے پر مزید افسوس کا اظہار کیا۔ شعیب اختر نے کہا کہ "بہت سی چیزیں قابل اعتراض ہیں، ان کا ارادہ، ایپلی کیشن، یہ ٹیم کے لیے واقعی افسوسناک ہے۔ پاکستان کو یہ میچ جیتنا چاہیے تھا۔ پاکستان کو 47 گیندوں پر 46 رنز درکار تھے جب فخر زمان کریز پر تھے اور 7 وکٹیں باقی تھیں، لیکن ہم یہ نہیں کرسکے ،میں کچھ بھی کہنے سے قاصر ہوں اور تکلیف میں ہوں"۔ 
واضح رہے کہ گذشتہ روز بھارت نے جاری میگا ایونٹ کے اپنے دوسرے میچ میں پاکستان کو چھ رنز سے شکست دے دی۔ امید افزا آغاز کے باوجود پاکستان اپنی ابتدائی برتری کو فتح میں تبدیل نہ کرسکا۔
گروپ اے میں اگلا میچ منگل 11 جون کو پاکستان اور کینیڈا کے درمیان نیویارک میں شیڈول ہے۔