news

ورلڈکپ پرومومیں بابراعظم کو شامل نہ کرنے پر شعیب اخترمایوس

جس نے سوچا کہ پرومو پاکستان اور بابراعظم کے بغیر مکمل ہے، وہ خود سے مذاق کررہا ہے، سابق کرکٹر

ورلڈکپ پرومومیں بابراعظم کو شامل نہ کرنے پر شعیب اخترمایوس

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اخترنے کپتان بابراعظم کو آئی سی سی پرومو میں شامل نہ کرنے پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔ 
سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئےراولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر لکھا کہ جس نےبھی یہ سوچا کہ ورلڈکپ پرومو پاکستان اور بابراعظم کی نمایاں موجودگی کے بغیر مکمل ہو جائے گا، اس نے حقیقت میں خود کے ساتھ مذاق کیا ہے، میرے خیال میں تھوڑا بڑے ہونے کی ضرورت ہے۔
گزشتہ دنوں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بھارت میں 5 اکتوبر سے شروع ہونے والے ورلڈکپ 2023 کیلئے سوشل میڈیا پر آفیشل پرومو جاری کیا تھا۔
آئی سی سی کی جانب سے ٹوئٹر پر 2 منٹ اور 13 سیکنڈ کی ویڈیو جاری کی گئی، جس میں ‘یہ تقریبا آ پہنچا ہے’ کا پیغام بھی درج ہے، اس ویڈیو میں بالی ووڈ اداکارشاہ رخ خان ٹرافی کے ہمراہ موجود ہیں جبکہ ماضی کے ورلڈکپ ٹورنامنٹس کی خوشگواریادیں بھی تازہ کی گئی ہیں۔ویڈیو میں پاکستانی فینز کی مایوسی کے علاوہ ویژولز میں پاکستان کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کا ورلڈکپ 2019 میں اپنا جشن منانے کا مخصوص انداز بھی شامل ہے۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ پرومو ویڈیو میں بھارتی کھلاڑیوں اور مداحوں کو زیادہ دکھانے پر کرکٹ کونسل کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے جبکہ کچھ شائقین کرکٹ کا کہنا ہے کہ ایسا لگتا ہے بھارت کے علاوہ کوئی اور ٹیم ورلڈکپ میں شامل نہیں ہے۔