news
English

ایشیاکپ کہاں ہوناچاہیے؟ شعیب اختر نے بڑا بیان دے دیا

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کرکٹر اور راولپنڈی ایکسپریس کے نام سے مشہور شعیب اختر نے ایشیاکپ کے حوالے سے بڑا بیان دیا ہے۔

ایشیاکپ کہاں ہوناچاہیے؟ شعیب اختر نے بڑا بیان دے دیا

سابق اسپیڈ اسٹار شعیب اختر دوحا میں اانٹرویو دیتے ہوئے ایشیاکپ کی میزبانی کے حوالے سے کہا کہ میری خواہش ہے کہ یہ میچز پاکستان میں ہوں، اگر ایسا نہیں ہوتا تو پھر سری لنکا میں یہ مقابلے کروا لینے چاہییں۔

انہوں نے خواہش کا اظہار کیا کہ چاہتا ہوں کہ ایشیاکپ اور ورلڈکپ کے فائنل میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں۔ پاک بھارت میچ سے بڑا آئی سی سی اور ایشین کرکٹ کونسل کا کوئی مقابلہ نہیں۔

ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) نے پاکستان کو ایونٹ کی میزبانی دے رکھی ہے تاہم بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) پاکستان ٹیم بھیجنے سے انکار کرچکا ہے۔

بی سی سی آئی کے سیکریٹری جے شاہ نے اعلان کیا تھا کہ ایشیاکپ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں منتقل کردیا جائے گا، جس پر پاکستان کی جانب سے شدید احتجاج کیا گیا تھا اور دھمکی دی گئی تھی کہ اگر بھارتی ٹیم پاکستان نہیں آتی تو اگلے برس ون ڈے ورلڈکپ کیلئے پاکستان ہندوستان کا دورہ نہیں کرے گا۔

قبل ازیں سابق کرکٹر عبدالرزاق نے ایشیاکپ کا انعقاد متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں کروانے کے آپشن کو بہترین اقدام کہا تھا، انکا کہنا تھا کہ بھارت کو بڑے ٹورنامنٹس کی میزبانی سے روکنے کے تصور سے متفق نہیں، البتہ میرے خیال میں دونوں بورڈز کو بیٹھ کر معاملے کا حل ڈھونڈنا چاہیئے۔

واضح رہے کہ ایشیاکپ رواں سال ستمبر میں شیڈول ہے، جو 50 اوورز فارمیٹ پر کھیلا جائے گا۔