سابق پاکستانی فاسٹ بولر شعیب اختر نے اپنے انسٹاگرام اور ٹوئٹر اکائونٹ پر ایک عمر رسیدہ مگر تیز رفتار بولر کی ویڈیو شیئر کرکے ان سے ملاقات کی خواہش ظاہر کی ہے۔
سابق پاکستانی اسپیڈ اسٹار شعیب اختر کا کہنا ہے کہ انہیں ’سو سال کی عمر میں سو میل فی گھنٹہ‘ کی رفتار سے بولنگ کروانے والے اس شاندار بولر کی تلاش ہے۔ گذشتہ روز شعیب اختر نے انسٹاگرام اور ٹوئٹر پر ایک عمر رسیدہ بولر کی ویڈیو شیئر کی، جس کے ساتھ انہوں نے لکھا ’ارے واہ۔ سو سال کی عمر میں سو میل فی گھنٹہ۔ کوئی انہیں ڈھونڈ کر لائے، مجھے ان سے مل کر بہت اچھا لگے گا۔
شعیب اختر نے جو ویڈیو شیئر کی ہے اس سے یہ واضح نہیں کہ ویڈیو میں بولنگ کروانے والے شخص کا تعلق پاکستان کے کس علاقے سے ہے۔
سوشل میڈیا صارفین بھی اس بزرگ بولر کے انداز کو سراہا اور ساتھ ہی انہیں تلاش کرنے کی کوششیں بھی شروع کر دیں۔
ٹوئٹر صارف کلیم بھٹی نے تحریر کیا، ان کا رن اپ مائیکل ہولڈنگ جیسا اور ایکشن شعیب اختر جیسا ہے۔ بہت اعلیٰ کامبی نیشن، واہ۔
سلطان میر نامی ٹوئٹر صارف بھی بولر کو تلاش کرنے میں مدد کی اپیل کرتے نظر آئے۔ انہوں نے لکھا ’ان کو ڈھونڈنے میں مدد کیجیے گا۔
سابق پاکستانی بلے باز سعید انور کے نام سے بنے ایک ٹوئٹر اکاؤنٹ کی جانب سے شعیب اختر کو مخاطب کر کے لکھا گیا ’آپ جیسا رن اپ اور آپ ہی کی طرح بازو بلند کر کے بولنگ کرانے کا زبردست ایکشن۔ بالکل ویسا جیسا آپ نے 1999 کے ورلڈ کپ میں کیا تھا۔
ٹوئٹر صارف عامر خان نے ازراہ مذاق لکھا، ’پاکستان سپر لیگ 2040 میں شعیب اختر کا مستقبل۔