news
English

بھارت کے ساتھ دوسرے ٹیسٹ کے لیے انگلش ٹیم کا اعلان، شعیب بشیربھی شامل

دوسرے ٹیسٹ میچ میں سبھی کی نظریں 20 سالہ انگلش اسپنر شعیب بشیر پر مرکوز رہیں گی، جو سیریز شروع ہونے سے پہلے ہی سرخیوں میں آ گئے تھے۔

بھارت کے ساتھ دوسرے ٹیسٹ کے لیے انگلش ٹیم کا اعلان، شعیب بشیربھی شامل

بھارت کے ساتھ ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلنے کے لیے انگلش ٹیم بھارت میں موجود ہے، پہلے ٹیسٹ میچ میں کھیلنے والی انگلینڈ کی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں، تیز گیندباز مارک ووڈ کی جگہ جیمس اینڈرسن کھیلیں گے جبکہ جیک لیچ کی جگہ شعیب بشیر کو ٹیم میں جگہ ملی ہے۔ 
حیدر آباد میں ٹیسٹ میں بھارتی ٹیم کو 28 رنز سے شکست دینے کے بعد انگلش ٹیم جوش سے بھری ہوئی ہے۔ اب اس کی نظریں 2 فروری سے شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ پر ہیں جس کے لیے ایک دن قبل ہی انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے ٹیم کا اعلان کیا ہے۔
وشاکھاپٹنم میں ہونے والے اس مقابلے کے لیے انگلینڈ نے جس پلیئنگ 11 کا اعلان کیا ہے، اس میں پہلے میچ کے مقابلے دو تبدیلیاں دیکھنے کو مل رہی ہیں۔ تیز گیندباز جیمس اینڈرسن کی انگلش ٹیم میں واپسی ہوئی ہے جبکہ اسپنر شعیب بشیر بھی امید کے مطابق ٹیم میں شامل کیے گئے ہیں۔ 
پہلے ٹیسٹ میچ کی طرح انگلینڈ نے دوسرے ٹیسٹ کے لیے بھی ٹیم میں صرف ایک فاسٹ بولر کو ہی شامل کیا ہے۔ پہلے ٹیسٹ میں بے اثر ثابت ہونے والے فاسٹ بولر مارک ووڈ کو ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا، ان کی جگہ جیمس اینڈرسن کھیلیں گے۔ 41 سالہ اینڈرسن کا بھارت کا یہ غالباً آخری دورہ ہوگا اور ایسے میں انگلش ٹیم کو ان سے کافی امیدیں وابستہ ہیں۔  
دوسرے ٹیسٹ میچ میں سبھی کی نظریں 20 سالہ اسپن گیندباز شعیب بشیر پر مرکوز رہیں گی، جو سیریز شروع ہونے سے پہلے ہی سرخیوں میں آ گئے تھے۔ صرف 6 فرسٹ کلاس میچز کا تجربہ رکھنے والے شعیب بشیر کا سلیکشن شروع سے ہی سرخیوں میں رہا اور پھر وہ موضوعِ بحث تب بن گئے جب ویزا مسائل کے سبب ٹیم کے ساتھ بھارت نہ آسکے۔ تاخیر سے بھارت پہنچنے کی وجہ سے انھیں پہلے ٹیسٹ میچ میں کھیلنے کا موقع نہیں مل سکا تھا، لیکن اب وہ پوری طرح سے اپنی گیندبازی کا جوہر دکھانے کو تیار ہیں۔ انھیں جیک لیچ کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جو پہلے ٹیسٹ میچ کے دوران گھٹنے میں چوٹ لگنے کے باعث سیریز سے باہر ہوچکے ہیں۔  
انگلینڈ کی پلیئنگ الیون میں بین اسٹوکس (کپتان)، جیک کراؤلی، بین ڈکٹ، اولی پوپ، جو روٹ، جانی بیئرسٹو، بین فوکس، ریحان احمد، ٹام ہارٹلی، شعیب بشیر اور جیمس اینڈرسن شامل ہیں۔