news
English

شعیب ملک کا ثانیہ مرزا کے ساتھ طلاق کی افواہوں پر کھل کر اظہارِخیال

پاکستان کے نامور کرکٹر شعیب ملک نے ٹینس اسٹار اہلیہ ثانیہ مرزا کے ساتھ نہ ہونے کی وجہ بتادی۔

شعیب ملک کا ثانیہ مرزا کے ساتھ طلاق کی افواہوں پر کھل کر اظہارِخیال

پاکستانی کرکٹر شعیب ملک نے پہلی بار بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کے ساتھ اپنی مبینہ طلاق کی خبروں کے بعد تعلقات کے بارے میں بات کی ہے۔

شعیب ملک کا کہنا تھا کہ صرف ان کے اور اہلیہ کے نہیں بلکہ دنیا بھر میں میاں بیوی کے تعلقات میں اتارچڑھاؤ آتا رہتا ہے اورشاید ہی کوئی ایسا شادی شدہ جوڑا ہو جن کے درمیان کبھی اختلافات نہ ہوئے ہوں۔

نجی ٹی وی کے ایک شو میں میزبان نے کرکٹ کے علاوہ ان کی نجی زندگی کے حوالے سے بھی بیشتر سوالات کیے جن کے جواب میں شعیب نے واضح کیا کہ ثانیہ اور ان کے درمیان کوئی ایسے اختلافات نہیں ہیں۔

شعیب ملک کا کہنا تھا کہ اہلیہ کا تعلق دوسرے ملک سے ہے تو ان کی وہاں بھی مصروفیات ہوتی ہیں، اسی لیے ایسا ہرسال ممکن نہیں ہوپاتا کہ وہ دونوں عید کے موقع پرایک ساتھ ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ”ساتھ ہوتے تو بہت اچھا ہوتا لیکن ثانیہ کی اپنی بھی مصروفیات ہیں تو اس لیے ہم ساتھ نہیں ہیں۔ لیکن ہمیشہ کی طرح ہمارے درمیان جو پیار اور محبت ہے وہ اپنی جگہ قائم ہے۔

شعیب ملک کا کہنا تھا کہ شادی سے قبل وہ کرکٹ کے سلسلے میں جب بیرون ملک ہوتے تھے تو عید پر والدہ اور ہن بھائیوں کو یاد کرتے تھے اورشادی کے بعد نہ صرف والدہ اور بہن بھائیوں بلکہ اہلیہ اور بچے کو بھی یاد کرتے ہیں۔ انہوںنے بتایا کہ وہ اپنے بیٹے اذہان سے دن میں 2 بار ویڈیو کال پربات کرتے ہیں۔

ثانیہ مرزا سے اختلافات اورعلیحدگی کے حوالے سے ایک سوال پر شعیب نے گول مول سا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ایسی کوئی بات نہیں، اپنی اپنی مصروفیات کی وجہ سے وہ ایک ساتھ نہیں، تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ ان کے بیچ علیحدگی یا طلاق کی خبروں کی حقیقت کیا ہے۔

ثانیہ مرزا کی جانب سے انسٹاگرام پر اَن فالو کیے جانے سے متعلق سوال پرشعیب کا کہنا تھا کہ یہ ان کے لئے بھی ایک خبر ہے، ثانیہ نے ایسا نہیں کیا ہے۔

آل رائونڈر کا کہنا تھا کہ بیٹے کو بیڈمنٹن کھیلنے کا زیادہ شوق ہے لیکن وہ نہ تو انہیں کرکٹ کھیلنے کو کہتے ہیں اور نہ ہی اذہان پرٹینس کھیلنے کے لئے کوئی دباؤ ہے۔

واضح رہے کہ شعیب ملک اور ثانیہ کے درمیان گزشتہ 6 ماہ سے کشیدہ تعلقات اورطلاق کی افواہیں زیرگردش ہیں تاہم دونوں کی ہی جانب سے اس حوالے سے کھل کر تصدیق یاتردید نہیں کی گئی ۔

شعیب اور ثانیہ کی شادی 12 اپریل 2010 میں بھارتی شہرحیدرآباد میں ہوئی تھی، ان کا ایک بیٹا اذہان مرزا ملک ہے۔