news

شعیب اختر کی شادی کس طرح ہوئی؟ سابق فاسٹ بالرنے دلچسپ قصہ سُنادیا

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے اپنی شادی کے حوالے سے مداحوں کو دلچسپ قصہ سُنا دیا۔

شعیب اختر کی شادی کس طرح ہوئی؟ سابق فاسٹ بالرنے دلچسپ قصہ سُنادیا

حال ہی میں راولپنڈی ایکسپریس کے نام سے مشہور سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر ایک پوڈکاسٹ میں شریک ہوئے جہاں انہوں نے کرکٹ سمیت نجی زندگی پر بھی کھل کر بات کی۔

فاسٹ باؤلر نے اپنی شادی سے متعلق دلچسپ واقعہ سُناتے ہوئے انکشاف کیا کہ انہیں خود بھی نہیں معلوم تھا کہ ان کی شادی کس سے کب اور کس طرح ہوگئی۔

 شعیب اختر نے بتایا کہ ’میری والدہ اور اہلیہ کی والدہ کی ملاقات حج کے دوران ہوئی، جہاں ساس نے میری والدہ کی خوب خدمت کی کیونکہ وہ انہیں کوئی پیرنی سمجھ رہی تھیں۔‘

شعیب اختر کے مطابق والدہ نے ان کی ساس کی غلط فہمی دور کی اور انہیں بتایا کہ وہ قومی کھلاڑی کی والدہ ہیں اس لئے لوگ ان سے اتنی عقیدت سے مل رہے ہیں۔

سابق فاسٹ باؤلر کا بتانا تھا کہ حج سے واپسی پر کھانے کی ایک تقریب میں میری والدہ نے مجھے خاتون سے ملوایا اور کہا کہ یہ تمہاری ہونے والی بیوی ہے اور میں نے کہا کہ ٹھیک ہے۔

 شعیب اختر کا کہنا تھا کہ انہوں نے کبھی اپنی والدہ کو کسی بھی چیز کیلئے نہ نہیں کہا اس لئے وہ ان کی مرضی کی خاتون سے شادی کے لئے بھی فوری تیار ہوگئے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ان کی شادی 10 سے 15 افراد کی موجودگی میں سادگی سے ہوئی نکاح ہوا اور وہ اہلیہ کو رُخصت کر کے گھر لے آئے۔

شعیب اختر کا کہنا تھا کہ ان کی اہلیہ ایک نفیس خاتون ہیں اور وہ میڈیا پر آنا پسند نہیں کرتیں جبکہ پردے کا بھی خیال کرتی ہیں یہی وجہ ہے کہ ان کی فیملی میڈیا سے دور رہتی ہے۔

یاد رہے کہ سابق اسپیڈ اسٹارشعیب اختر 2014 میں ایک نجی تقریب میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے ان کے 2 بیٹے بھی ہیں۔