نئی دہلی: بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستانی کرکٹر شعیب ملک اور ان کی اہلیہ بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے طلاق لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
بھارتی میڈیا نے شعیب ملک کے قریبی ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ شعیب ملک اور ثانیہ مرزا نے طلاق کا فیصلہ کرلیا ہے اور اس سلسلے میں کاغذی کارروائی مکمل ہونی باقی ہے۔
شعیب ملک کے ٹیم ممبر کی جانب سے بھی یہ کہا گیا ہے کہ دونوں میں علیحدگی ہوچکی ہے تاہم اس کی تصدیق شعیب ملک اور ثانیہ مرزا خود کریں گے۔
رپورٹس کے مطابق ثانیہ مرزا اِن دنوں دبئی میں مقیم ہیں جبکہ شعیب ملک پاکستان میں ایک نجی ٹی وی چینل پر اسپورٹس پروگرام کی میزبانی کررہے ہیں۔ پچھلے کچھ عرصے سے سوشل میڈیا پر شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کے درمیان علیحدگی کی افواہیں گردش کررہی تھیں۔
شعیب ملک اورثانیہ مرزا نے گزشتہ دنوں اپنے بیٹے اذہان مرزا ملک کی سالگرہ ایک ساتھ منائی۔ ثانیہ مرزا نے سالگرہ کی تصاویر اپنے سوشل میڈیا پر پوسٹ نہیں کیں لیکن شعیب ملک نے ایک تصویر اپنے مداحوں کے لیے شئیر کی۔ثانیہ مرزا نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پراذہان کے ساتھ ایک تصویر شئیر کرتے ہوئے لکھا کہ بیٹے کے ساتھ گزارا وقت مشکل ترین لمحات میں مدد کرتا ہے۔
شعیب ملک اور ثانیہ مرزا نے اب تک علیحدگی کی خبروں سے متعلق کوئی تصدیق یا تردید نہیں کی ہے۔ دونوں کی شادی 2010 میں ہوئی تھی جس کی بھارت کے ساتھ ساتھ پاکستانی میڈیا میں بھی بھرپور کوریج کی گئی تھی۔