آسٹریلیا کے خلاف پہلے اور دوسرے ون ڈے میں شبھمن گل کی شاندار کارکردگی سے امید کی جا رہی ہے کہ وہ ون ڈے بیٹنگ رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن پر پہنچ جائیں گے۔
بھارتی بلے بازشبھمن گُل فی الحال 814 پوائنٹس کے ساتھ پاکستانی ٹیم کے کپتان بابراعظم سے صرف 43 ریٹنگ پوائنٹس پیچھے ہیں۔
بھارتی ٹیم کے مایہ ناز بلے باز شبھمن گُل، بابر اعظم کو ون ڈے رینکنگ کے نمبر 1 بلے باز کے طور پر پیچھے چھوڑنے کے لیے تیار دکھائی دے رہے ہیں، کیونکہ بھارتی ٹیم کے اوپنرنے آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز میں بھرپور پرفارمنس پیش کی۔
گزشتہ بدھ کوجاری ہونے والی آئی سی سی کی تازہ ترین رینکنگ کے بعد، شبھمن گُل فی الحال 814 پوائنٹس کے ساتھ ون ڈے بلے بازوں کی آئی سی سی رینکنگ میں دوسرے نمبر پر ہیں اور بابر اعظم سے محض 43 ریٹنگ پوائنٹس (857 ریٹنگ پوائنٹس) پیچھے ہیں۔
آئی سی سی کی نئی رینکنگ کا اعلان بدھ کو ہوگا۔ بھارتی اوپنر نے 2023 کے ایشیا کپ میں بھی اپنی بلے بازی کی مہارت کا مظاہرہ کیا، جہاں وہ ٹورنامنٹ کے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بن کر سامنے آئے۔ انہوں نے چھ اننگز میں 75.50 کی اوسط کے ساتھ شاندار 302 رنز بنائے۔ سال 2023ء میں، شبھمن گُل ون ڈے فارمیٹ میں بہترین فارم میں نظر آئے، انہوں نے 20 اننگز میں مجموعی طور پر 1221 رنز بنائے۔ اس کے مقابلے میں پاکستانی کپتان نے اسی سال کے دوران 15 اننگز میں 745 رنز بنائے۔ اس قابل ذکر مستقل مزاجی اور شاندار کارکردگی کے باعث شبھمن گُل ون ڈے بیٹنگ رینکنگ میں نمبر ون پوزیشن کے لیے مضبوط دعویدار کے طور پر سامنے آئے ہیں۔