دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے مین اینڈ ویمن کیٹگریز میں پلیئر آف دی منتھ کا اعلان کردیا۔
آئی سی سی کی جانب سے مردوں کی کیٹگری میں انگلینڈ کے جوز بٹلر کو پلیئر آف دی منتھ قرار دیا گیا ہے جب کہ خواتین کرکٹرز میں پاکستان کی سدرہ امین کو ویمن پلیئر آف دی منتھ قراردیا گیا۔
سدرہ امین نے ہوم سیریز میں آئرلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کے دوران 277 رنز بنائے جس میں لاہور میں پہلے میچ میں خواتین کے ون ڈے میچز میں پانچواں سب سے بڑا انفرادی سکور بھی شامل ہے۔
پاکستانی اوپنر نے اپنی ساتھی کھلاڑی منیبہ علی کے ساتھ مل کر اس میچ میں 151 گیندوں پر ناقابل شکست 176 رنز بنائے، انہوں نے اس میچ میں اپنی انفرادی سینچری بھی مکمل کی، ابتدائی وکٹ کے لیے دونوں کھلاڑیوں نے 221 رنز کا ریکارڈ قائم کیا۔
یہ سینچری خواتین کے ون ڈے میں 150 سے زیادہ پاکستان کا پہلا اسکور بھی تھا۔ انہوں نے اسی مقام پر سیریز میں ایک اور شاندار شراکت کی، دوسرے میچ میں 91 رنز ناٹ آئوٹ بنا کر پاکستان کی سیریز میں فتح مکمل کی۔
سدرہ امین آئی سی سی خواتین کی ون ڈے بیٹنگ رینکنگ میں بھی 22 ویں نمبر پر آگئیں اور اس فہرست میں سب سے زیادہ رینک والی پاکستانی بلے باز ہیں۔
سدرہ امین آئی سی سی کے اس ماہانہ ایوارڈ کو قبول کرنے کے لیے بہت پرجوش تھیں۔
انہوں نے کہا کہ میں یہ ایوارڈ جیت کر بہت اچھا محسوس کر رہی ہوں۔
یہ میری ساتھی ندا ڈار کے بعد بھی خاص ہے جنہوں نے اکتوبر میں بہترین پلیئر کا ایوارڈ جیتا تھا۔
اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہماری ٹیم نے گزشتہ چند مہینوں میں بین الاقوامی کرکٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔
میں اس ایوارڈ کو اپنے والدین اور ہر اس شخص کو وقف کرنا چاہوں گی جنہوں نے ہمیشہ میرا ساتھ دیا اور میری کامیابی کے لیے دعا کی۔
آئرلینڈ کے خلاف میچز میں میری کارکردگی جس نے قومی ٹیم کو ون ڈے سیریز میں آئرلینڈ پر کلین سویپ کرنے میں مدد کی وہ ہمیشہ میرے دل کے قریب رہے گی۔
انفرادی طور پر یہ سال میرے لیے بہت اچھا رہا، میں نے تین ون ڈے سینچریاں اسکور کی ہیں اور میں اس پر بہت خوش ہوں۔
نومبر کے لیے آئی سی سی ویمنز پلیئر آف دی منتھ کا ایوارڈ جیت کر میرے لیے سال کا اختتام حیرت انگیز ہے۔
آئی سی سی ہال آف فیم اور ووٹنگ پینل کی رکن لیزا اسٹالیکر نے کہا کہ سدرہ امین اس ایوارڈ کے لیے بہت زیادہ مستحق تھیں۔
جب آپ کو سینچری بنانے کا موقع ملتا ہے تو یہ ایک خاص لمحہ ہوتا ہے، لیکن سدرہ کے لیے آگے بڑھ کر اس سینچری کو بڑا بنانا، 176 رنز اور پھر اگلے ہی میچ میں 91 رنز کے ساتھ بیک اپ کرنا، یہ نہ صرف یہ ظاہر کرتا ہے کہ اس کے پاس مہارت ہے بلکہ ان کا مزاج بھی جارحانہ ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے پاکستان کے شاہین آفریدی اور انگلینڈ کے عادل رشید کی بھی پلیئر آف دی منتھ کے لیے نامزدگی ہوئی تھی۔