news
English

کیوی کمنٹیٹر نے پشاور زلمی کے کپتان بابراعظم کی سینچری پر سوال اُٹھادیا

نیوزی لینڈ کے سابق کرکٹر اور کمنٹیٹر سائمن ڈول نے ایک بار پھر پشاور زلمی کے کپتان بابراعظم پر تنقید کے نشتر چلادیئے۔

کیوی کمنٹیٹر نے پشاور زلمی کے کپتان بابراعظم کی سینچری پر سوال اُٹھادیا

نیوزی لینڈ کے سابق کرکٹر اور کمنٹیٹر سائمن ڈول نے گزشتہ روز راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف اپنی پہلی سینچری بنانے والے پشاور زلمی کے کپتان بابراعظم کی اننگز پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے سوال کیا کہ کیا بابر اعظم ذاتی سنگ میل عبور کرنے کے لیے سست ہو گئے تھے؟

میچ کی کمنٹری کے دوران سائمن ڈول نے اپنے ذاتی سنگ میل کو ٹیم سے اوپر رکھنے پر بابراعظم کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ انہیں سینچری کے وقت رن ریٹ کو کم کرنے کے بجائے باؤنڈریز تلاش کرنے پر توجہ دینی چاہیے تھی۔

 انہوں نے مزید کہا کہ بابراعظم کی اننگز اعداد و شمار کے لحاظ ہے بہترین ہے لیکن انہیں اپنی ذات کے بجائے ٹیم کے لئے کھیلنے کی ضرورت ہے۔

سائمن ڈول اس سے پہلے بھی پشاور زلمی کے کپتان بابراعظم پر تنقید کرچکے ہیں۔

 واضح رہے کہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف میچ میں بابراعظم نے 65 گیندوں پر 115 رنز کی اننگز کھیلی تھی تاہم وہ ٹیم کو میچ جتوانے میں ناکام رہے تھے کیونکہ اسی میچ میں گلیڈی ایٹرز کے اوپنر جیسن رائے نے 63 گیندوں پر 20 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 145 کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروایا تھا۔