نیوزی لینڈکے سابق کرکٹر اورکمنٹیٹر سائمن ڈول ان دنوں پی ایس ایل سیزن 8 کے دوران پاکستانی کرکٹرز کے بارے میں اپنے دو ٹوک بیانات کی وجہ سے سوشل میڈیا پر ٹرینڈ کررہے ہیں۔
کیوی کمنٹیٹر نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے ملتان سلطانز کے خلاف میچ جیتنے کے بعد فاسٹ بالر حسن علی کی اہلیہ کے حوالے سے نامناسب الفاظ میں تبصرہ کیا جس کے بعد شائقین کرکٹ کی جانب سے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔
وائرل ہونے والی ویڈیو میں سائمن ڈول کو فاسٹ بولر حسن علی کی اہلیہ پر تبصرہ کرتے ہوئے سنا گیا، جیسا کہ ٹی وی پر انہیں جیت کا جشن مناتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔
کمنٹیٹر نے اپنی بات کہنے کے لیے ان الفاظ کا چناؤ کیا جیسا کہ حسن علی کی اہلیہ نے آج بہت سے لوگوں کے دل جیت لیے ہیں، مجھے یقین ہے اور یہ بہت شاندار ہیں، جبکہ پس منظر میں ان کے ساتھی تبصرہ نگار کو ہنستے ہوئے سنا جاسکتا ہے، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے گردش کررہی ہے۔
دوسری جانب ٹوئٹر صارفین سائمن ڈول کے تبصرے پر ان پر شدید تنقید کررہے ہیں۔