news
English

سندھ اسمبلی میں سرفرازاحمد کو کپتانی سے ہٹانے کیخلاف قرارداد متفقہ طورپرمنظور

قرارداد کے ذریعے سرفرازکوبحال کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں،محمد حسین

سندھ اسمبلی میں سرفرازاحمد کو کپتانی سے ہٹانے کیخلاف قرارداد متفقہ طورپرمنظور فوٹو: اے ایف پی

کراچی سے تعلق رکھنے والے  کرکٹر سرفراز احمد کو قومی ٹیم کے تینوں فارمیٹ کی کپتانی سے ہٹانے کے خلاف سندھ اسمبلی میں قرار داد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔

سرفراز احمد کوقومی ٹیم کی قیادت سے ہٹانے کا معاملہ ایوان تک جا پہنچا۔ قانون ساز ادارے میں بھی سرفراز احمد کے حق میں  آوازیں اٹھنے لگیں۔ معمولی باتوں پر جھگڑنے والے سیاستدان تمام تلخیاں اور اختلافات بھلا کر سرفراز احمدکے معاملے پر یک زبان ہوگئے۔

اسپیکرسندھ اسمبلی آغاسراج درانی کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں ایم کیوایم کے رکن محمد حسین  نے سرفراز احمد کو قومی ٹیم کی کپتانی سے ہٹانے کے خلاف قرار داد پیش کی جو متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔قرار داد میں سرفراز احمد کو کپتان بنانے کے ساتھ ساتھ  سندھ کے لیے کرکٹ میں کوٹا مقرر کرکے 6 کھلاڑی شامل کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

وزیراطلاعات سندھ  سعید غنی نے ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سرفراز کوہٹانے کے فیصلے سے مزید مایوسی پیدا ہوئی۔