news
English

صرف ایک اوور نے عامر جمال کو انٹرنیشنل کرکٹ میں پہچان دے دی

 لاہور: انگلینڈکے خلاف پانچویں ٹی20کے آخری اوورنےعامر جمال کوانٹرنیشنل کرکٹ میں پہچان دے دی، پڑھائی اور والدکے ٹرانسپورٹ بزنس پر کھیل کو ترجیح دینے والے کرکٹرنےبالآخر قومی ٹیم میں جگہ بنالی۔

صرف ایک اوور نے عامر جمال کو انٹرنیشنل کرکٹ میں پہچان دے دی

آل راؤنڈر کا تعلق میانوالی کے گائوں کلور شریف سے ہے، ان کے والد کا ٹرانسپورٹ کا کاروبار ہے، عامر جمال میانوالی میں ٹینس بال سے شوقیہ کرکٹ کھیلا کرتے تھے، دوستوں کے ساتھ سیر و تفریح کی غرض سے اسلام آباد پہنچے تو ہارڈ بال کرکٹ نے انہیں اپنی جانب متوجہ کیا، انھوں نے میانوالی واپس جا کر اپنے والد سے کرکٹ کھیلنے کی خواہش کا اظہار کیا لیکن انھوں نے یہ بات واضح کر دی کہ پڑھائی پر توجہ دو یا پھر ٹرانسپورٹ کے کاروبار میں میرا ہاتھ بٹائو، مگرعامر کے دماغ پر کرکٹ چھائی ہوئی تھی انہوں نے واپس اسلام آباد جا کر کلب کرکٹ کھیلنا شروع کر دی۔

جون 2013 میں انہوں نے اسلام آباد انڈر 19 کی نمائندگی کی، کریئر اتار چڑھائو کا شکار رہا لیکن وہ حوصلہ نہیں ہارے، ڈومیسٹک ٹی ٹوئنٹی کپ میں اعداد و شمار کے لحاظ سے عامر کی کارکردگی غیرمعمولی نہیں تھی لیکن سلیکٹرز نے ٹیلنٹ کو دیکھتے ہوئے انھیں پاکستانی اسکواڈ میں شامل کیا۔ سابق کپتان شاہد آفریدی نے بھی چند روز قبل ایک بیان میں عامر جمال کو قومی ٹیم میں موقع دینے کی تجویز دی تھی۔