news
English

بابراعظم، کوہلی اور اسٹیو اسمتھ موجودہ دور کے ’عظیم کھلاڑی‘ قرار

سابق آسٹریلوی کرکٹر نے مذکورہ تینوں کرکٹرز کی تعریفوں کے پُل باندھ دیئے

بابراعظم، کوہلی اور اسٹیو اسمتھ موجودہ دور کے ’عظیم کھلاڑی‘ قرار

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق مینٹور اور آسٹریلوی کرکٹرمیتھیو ہیڈن نے کپتان بابراعظم، اسٹیو اسمتھ اور ویرات کوہلی کو موجودہ دور کے عظیم کھلاڑی قرار دیا ہے۔

آئی سی سی ٹیسٹ چیمپیئن شپ فائنل کے میچ کے دوران جب ان سے سوال کیا گیا کہ آسٹریلیا کو ہندوستان پرفوقیت سے کیا فائدہ ہوسکتا ہے؟  

جس پر سابق آسٹریلوی کرکٹر میتھیو ہیڈن نے بورڈ پر رنز بنانے کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے اسٹیو اسمتھ، ویرات کوہلی اور بابراعظم کی بلے بازی کی صلاحیتوں کی تعریف کی۔ میتھیو ہیڈن نے کہا کہ تینوں بلے باز میرے لیے جدید دور کے عظیم کھلاڑی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسمتھ کو اپنے غیر روایتی لیکن موثر بیٹنگ اسٹائل کی وجہ سے شہرت حاصل ہے، انہوں نے مسلسل رنز بنائے اور مخالف گیند بازوں پر پریشر میں لائے۔

اسی طرح بابراعظم بین الاقوامی کرکٹ کے سب سے پرجوش بلے بازوں میں سے ایک بن گئے ہیں۔ ان کا خوبصورت اسٹروک پلے، ٹائمنگ، اور لمبی اننگز کھیلنے کی صلاحیت نے انہیں کرکٹ کی دنیا میں بہت مقبول بنایا ہے۔ بابر اعظم کے متاثر کن اعدادوشمار اور مسلسل کارکردگی نے دنیا کے سرفہرست بلے بازوں میں ان کا مقام مضبوط کر دیا ہے۔

 سابق بھارتی کپتان ویرات کوہلی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ وہ ایک دہائی سے زیادہ عرصے تک عالمی کرکٹ میں صف اول کے بلےباز رہے ہیں، کوہلی کو دور حاضر کی کرکٹ کے بہترین بلے بازوں میں شمار کیا جاتا ہے۔