سابق آسٹریلوی کپتان مائیکل کلارک نے بڑا دعویٰ کردیا
آسٹریلوی ٹیم کے سابق کپتان مائیکل کلارک نے دعویٰ کیا ہے کہ اگر اسٹیو اسمتھ ٹیسٹ فارمیٹ میں اوپننگ کرتے ہیں تو وہ برائن لارا کا منفرد ریکارڈ توڑ سکتے ہیں۔
سابق آسٹریلوی کپتان مائیکل کلارک نے اوپنر ڈیوڈ وارنر کی ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد ایک پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ اوپننگ کرکے اسٹیو اسمتھ ویسٹ انڈیز کے لیجنڈری کرکٹر برائن لارا کے ایک اننگز میں 400 رنز بنانے کا ریکارڈ توڑ سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسٹیو اسمتھ کیلئے یہ ایک چیلنج ضرور ہوگا لیکن ایک سال کے اندر وہ اپنا کھیلنے کا انداز تبدیل کرکے اوپنر بننے کی صلاحیت رکھتے ہیں، اگر وہ لارا کا ریکارڈ اپنے نام کرلیں تو حیرانی نہیں ہوگی کیونکہ وہ ایک شاندار کرکٹر ہیں۔
قبل ازیں سڈنی گراؤنڈ میں پاکستان کیخلاف سیریز کے آخری میچ میں انہوں نے اس خواہش کا اظہار کیا تھا کہ وہ بطور اوپنر ٹیم کو دستیاب ہیں۔
واضح رہے کہ آسٹریلیا نے ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریز کیلئے مڈل آرڈر بیٹر اسٹیو اسمتھ کو بطور اوپنر کھلانے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ انکے علاوہ کیمرون بینکرافٹ، میٹ رینشا اور ول پکووسکی کو بھی ہوم سیریز کیلئے کھلانے کا آپشن رکھا ہے۔ اگر اسٹیو اسمتھ بطور اوپنر کامیاب رہے تو انہیں آسٹریلوی ٹیم میں مستقل یہ کردار دیا جاسکتا ہے۔