news
English

صہیب شیخ کی بورڈ میں بطور ڈائریکٹر پی ایس ایل واپسی

صہیب شیخ کو 2019 میں پی سی بی کے سینئر جنرل منیجر مارکیٹنگ کا عہدہ چھوڑنا پڑا تھا۔

صہیب شیخ کی بورڈ میں بطور ڈائریکٹر پی ایس ایل واپسی

پی سی بی میں تبدیلیوں کا سلسلہ جاری ہے جب کہ صہیب شیخ کی بطور ڈائریکٹر پی ایس ایل بورڈ میں واپسی ہوئی ہے۔ 
صہیب شیخ کو 2019 میں پی سی بی کے سینئر جنرل منیجر مارکیٹنگ کا عہدہ چھوڑنا پڑا تھا، وہ پی ایس ایل میں نجم سیٹھی کی ٹیم کا اہم حصہ رہے تھے، اب ان کی بطور ڈائریکٹر پی ایس ایل واپسی ہوئی ہے اور انھوں نے کام بھی شروع کردیا ہے۔ 
نجم سیٹھی کی قریبی شخصیت موجودہ لیگ کمشنر نائلہ بھٹی کا عہدے پر براجمان رہنا اب ممکن نہیں لگتا، صہیب شیخ کی تقرری کے حوالے سے پی ایس ایل فرنچائزز کو اعتماد میں نہیں لیا گیا۔ 
نئے آئین میں سی ای او کی پوزیشن نہ ہونے پر سائیڈ لائن ہونے والے فیصل حسنین کچھ عرصہ قبل ملک چھوڑ چکے ہیں، انھوں نے وسیم خان کے کیس کو بطور مثال پیش کرتے ہوئے بورڈ سے 15 ہزار ڈالر بھی وصول کیے تھے،فیصل کو اسپیشل پراجیکٹس میں بھیجا گیا تھا، یہ ڈپارٹمنٹ فارغ آفیشلز کے لیے قائم کیا گیا ہے جنھیں ضرورت پڑنے پر دوبارہ کسی شعبے میں بھیج دیا جاتا ہے جیسے ذاکر خان کو اکیڈمی بھیجا گیا۔ 
ڈائریکٹر میڈیا سمیع الحسن برنی کو بھی اسپیشل پراجیکٹس میں منتقل کیا گیا تھا لیکن وہ کافی عرصے سے دفتر ہی نہیں آرہے،البتہ ان کی تنخواہ و دیگر مراعات برقرار ہیں،امریکی کرکٹ میں بطور مشیر خدمات انجام دینے والے پی سی بی ہیڈ آف براڈکاسٹ رائٹس،پروڈکشن اینڈ ایمرجنگ پلیٹ فارمز شعیب نوید کو بھی فارغ کر دیا گیا،ان کے معاہدے میں توسیع نہیں ہوئی ہے۔