news
English

جنوبی افریقہ کا بھی ٹی 20 ورلڈکپ 2024کے لیے اپنے اسکواڈ کا اعلان

،جنوبی افریقہ کے اسکواڈ کی قیادت ایڈن مارکرم کریں گے، ایشیا کپ میں جنوبی افریقی ٹیم کی قیادت کرنے والے ٹمابائوما ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے لیے قومی اسکواڈ میں جگہ نہیں بناسکے۔

جنوبی افریقہ کا بھی ٹی 20 ورلڈکپ 2024کے لیے اپنے اسکواڈ کا اعلان

جنوبی افریقہ کے اسکواڈ کی قیادت ایڈن مارکرم کریں گے جو کہ آئی سی سی کے کسی بھی ایونٹ میں پہلی بار اپنی قومی ٹیم کی قیادت کے فرائض سرانجام دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ نے آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے لیے اپنے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے، آئی سی سی ایونٹ میں پہلی بار ایڈن مارکرم کو کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ جنوبی افریقہ کے اسکواڈ میں اینریچ نورٹجے اور کوئنٹن ڈی کاک جیسے قابل ذکر کھلاڑیوں کو بھی شامل کیا گیا ہے جنہیں حال ہی میں کرکٹ جنوبی افریقہ کے سینٹرل کنٹریکٹ سے باہر رکھا گیا تھا۔ نورٹجے ستمبر 2023ء میں کمر کی انجری کا شکار ہونے کے بعد واپس آئے ہیں جبکہ ڈی کاک نے 2023ء کے کرکٹ ورلڈ کپ کے بعد ون ڈے سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی تاہم انہیں ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے ٹیم میں واپس لایا گیا ہے۔ حالیہ ایس اے 20 ٹورنامنٹ میں ریان رکلٹن اور اوٹنیل بارٹمین نے اسٹینڈ آؤٹ پرفارمنسز کے بعد ٹی 20 پلیئرز کے طور پر اپنی جگہ حاصل کی ہے۔
جنوبی افریقہ کے اسکواڈ میں ایڈن مارکرم، ڈی کاک، ریزا ہینڈرکس، ہینرک کلاسن، ڈیوڈ ملر اور ٹرسٹن اسٹبس کے ساتھ مضبوط بیٹنگ لائن اپ تیار کی گئی ہے۔ 
بولنگ کے شعبے میں کاگیسو ربادا اور نورٹجے تیز رفتاراٹیک کی قیادت کریں گے جسے بھرپورسپورٹ مارکو جانسن اور جیرالڈ کوٹزی فراہم کریں گے جبکہ اسپن کی ذمہ داری بوورن فورٹوئن، کیشو مہاراج اور تبریز شمسی پر ہوگی۔
جنوبی افریقہ کےاسکواڈ میں ایڈن مارکرم (کپتان)، اوٹنئیل بارٹمین، جیرالڈ کوٹزی، کوئنٹن ڈی کوک، بیجورن فورٹوئن، ریزا ہینڈرکس، مارکو جانسن، ہینرک کلاسن، کیشو مہاراج، ڈیوڈ ملر، اینریچ نورٹجے، کاگیسو ربادا، ریان رکیلٹن، تبریزشمسی اور ٹرسٹن اسٹبس شامل ہیں۔
ٹریولنگ ریزروز میں ناندرے برگر اور لونگی نگیڈی شامل ہیں۔
یاد رہے کہ ایشیا کپ میں جنوبی افریقی ٹیم کی قیادت کرنے والے ٹمابائوما ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے لیے قومی اسکواڈ میں جگہ نہیں بناسکے۔