پیس اٹیک کی قیادت کاگیسو ربادا کریں گے اور اس میں اینریچ نورٹجے اور لونگی اینگیڈی جیسے کھلاڑی شامل ہیں۔
جنوبی افریقہ نے بھی دنیائے کرکٹ کے سب سے بڑے مقابلے، ورلڈ کپ کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیاہے۔
بھارت میں شیڈول ورلڈ کپ میں جنوبی افریقہ کی ٹیم کی قیادت ٹیمبا باوما کریں گے جبکہ اسکواڈ میں شامل کوئنٹن ڈی کاک ورلڈکپ کے فوری بعد ون ڈے انٹرنیشنل فارمیٹ سے ریٹائر ہوجائیں گے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق جنوبی افریقہ کے اعلان کردہ اسکواڈ میں 6 فاسٹ اور 2 اسپیشلسٹ اسپن بولرز کو شامل کیا گیا ہے۔ پیس اٹیک کی قیادت کاگیسو ربادا کریں گے اور اس میں اینریچ نورٹجے اور لونگی اینگیڈی جیسے باصلاحیت کھلاڑی شامل ہیں۔
جنوبی افریقہ کے ورلڈ کپ مکس میں ایک قابل ذکر نام دائیں ہاتھ کے تیز گیند باز جیرالڈ کوٹزی کا ہے، انہوں نے اس سال کے شروع میں انٹرنیشنل کرکٹ میں قدم رکھا تھا۔ آج تک کھیلے گئے اپنے ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں کوٹزی کی کارکردگی شاندار رہی ہے، انہوں نے اپنے پہلے ون ڈے میچ میں تین وکٹیں حاصل کرنے سمیت پانچ وکٹیں حاصل کررکھی ہیں۔
جنوبی افریقہ اپنی ورلڈ کپ مہم کا آغاز 7 اکتوبر کو سری لنکا کے خلاف دہلی کے ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں مقابلے سے کرے گا۔ اس سے پہلے ان کا وارم اپ میچ 29 ستمبر کو افغانستان اور 2 اکتوبر کو نیوزی لینڈ کے خلاف شیڈول ہے۔