news
English

ٹی 20 ورلڈکپ:جنوبی افریقہ نے افغانستان کو ہراکرپہلی بارفائنل میں جگہ بنالی

جنوبی افریقہ نے افغانستان کو صرف 56 رنز پر آؤٹ کر دیا، ابتدائی دس اوورز میں آٹھ وکٹیں گر گئیں۔

ٹی 20 ورلڈکپ:جنوبی افریقہ نے افغانستان کو ہراکرپہلی بارفائنل میں جگہ بنالی

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ نے یک طرفہ مقابلے کے بعد افغانستان کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر پہلی مرتبہ میگا ایونٹ کے فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ 
افغانستان کی بیٹنگ لائن جنوبی افریقی بولرز کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی، جنوبی افریقہ نے افغانستان کو صرف 56 رنز پرآل آؤٹ کر دیا، ابتدائی دس اوورز میں آٹھ وکٹیں گر گئیں اور افغان ٹیم نے جنوبی افریقہ کوجیت کے لئے صرف 57 رنز کا ہدف دیا، جنوبی افریقہ نے مطلوبہ ہدف 1 وکٹ کے نقصان پر 8.4 اوورز میں با آسانی حاصل کرلیا۔ 
جنوبی افریقہ کے خلاف ٹاس جیتنے کے بعد پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 11.5 اوورز میں افغانستان کی پوری ٹیم محض 56 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔  

افغانستان کی جانب سے رحمان اللہ گر باز، محمد نبی اور نو ر احمد صفر پر آؤٹ ہوئے جبکہ صرف عظمت اللہ عمرزئی 10 رنز بنا سکے۔ 
جنوبی افریقہ کی جانب سے مارکو جانسن اور تبریز شمسی نے 3، 3 جبکہ رباڈا اور اینرک نوکیا نے 2، 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ 
افغانستان کے خلاف اننگز اوپن کرنے کیلئے آنے والے جنوبی افریقی بیٹر کوئنٹن ڈی کوک 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ 
جنوبی افریقہ کے ریزا ہینڈرکس نے 29 اور کپتان ایڈرن مارکرم نے 23 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو فائنل میں پہنچادیا۔ 
واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کا فائنل ہفتہ 29 جون کو جنوبی افریقہ اور بھارت کے درمیان برج ٹاؤن میں کھیلا جائے گا۔