news
English

سنچورین ٹیسٹ؛ بھارتی ’’بیٹنگ پاور ہاؤس‘‘ کا پول کھل گیا

بھارتی ٹیم 131 رنز پر ڈھیر، جنوبی افریقہ نے تیسرے ہی دن اننگز اور 32رنز سے فتح پالی۔

سنچورین ٹیسٹ؛ بھارتی ’’بیٹنگ پاور ہاؤس‘‘ کا پول کھل گیا

سنچورین ٹیسٹ میں پروٹیز نے بھارتی ’’بیٹنگ پاور ہاؤس‘‘ کا پول کھول دیا۔ 
سنچورین میں 163رنز کے خسارے کا شکار ہونے کے بعد مضبوط ترین بھارتی ٹیم دوسری اننگز میں ریت کی دیوار ثابت ہوئی، کپتان روہت شرما نے کھاتہ نہیں کھولا تو یشاسوی جیسوال صرف 5 رنز تک محدود رہے، شبھمن گل 26رنز کی مزاحمت کرپائے۔ 
ایک اینڈ ویراٹ کوہلی نے سنبھالا، دوسرے سے شریاس آئیر نے چھ رنز بنائے جبکہ پہلی اننگز کے سنچری میکر لوکیش راہول4رنز بناکر چلتے بنے، دیگر کھلاڑیوں میں سے روی چندرن ایشون اور جسپریت بھمرا نے کھاتہ نہیں کھولا، شاردل ٹھاکر 2اور محمد سراج 4رنز بناسکے،آخر میں ویرات کوہلی جو کہ 76 رنز پر کھیل رہے تھے ان کی ہمت بھی جواب دے گئی اور پوری بھارتی ٹیم 131 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ 
نیندرے برگر4، مارکو جینسن 3 اور کاگیسو رباڈا2وکٹیں لے اڑے، ڈین ایلگر آخری ٹیسٹ کے مین آف دی میچ قرار پائے۔ یاد رہے کہ بھارت نے پہلی اننگز میں 245رنز بنائے تھے، بدھ کو جنوبی افریقہ نے 5وکٹوں کے نقصان پر 256رنز اسکور کر کے 11رنز کی برتری حاصل کرلی تھی۔ 

گزشتہ روز ڈین ایلگر 140اور مارکو جینسن 3رنز کے ساتھ دوبارہ کریز پر آئے، دونوں نے ٹوٹل 360تک پہنچایا، ایلگر 185 رنز بناکر پویلین لوٹے، مارکو جینسن84 پر ناٹ آؤٹ رہے، ٹیل اینڈرز میں سے گیراڈ کوئٹزی نے 19رنز بنائے، جنوبی افریقہ نے 408 کا مجموعہ حاصل کیا،جسپریت بھمرا نے 4اورمحمد سراج نے 2شکار کیے۔