news
English

پاکستان اور جنوبی افریقہ، ورلڈکپ مقابلوں میں کس کا پلڑا بھاری؟  

دونوں ٹیمیں 27 اکتوبر کو چنئی میں ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گی۔

پاکستان اور جنوبی افریقہ، ورلڈکپ مقابلوں میں کس کا پلڑا بھاری؟  

آئی سی سی ورلڈکپ 2023 میں پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں 27 اکتوبر کو ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گی۔ 
چنئی کے چدم برم اسٹیڈیم میں پاکستان کو سیمی فائنل تک رسائی کیلئے جنوبی افریقہ کے خلاف لازمی فتح درکار ہے، افغانستان سے شکست نے قومی ٹیم کے ٹاپ فور میں پہنچنے کے امکانات کو شدید دھچکا پہنچایا ہے، تاہم گرین شرٹس کے پاس پروٹیز کو ہرانے اور سیمی فائنل میں پہنچنے کی امیدیں برقرار رکھنے کا یہ آخری موقع ہے۔  
آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ میں پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں 5 بار ایک دوسرے کے مدمقابل آئی ہیں جہاں پروٹیز کا پلڑا بھاری رہا ہے، انہوں نے 3 میچز میں کامیابی سمیٹ رکھی ہے جبکہ پاکستان محض 2 فتوحات حاصل کرنے میں کامیاب رہا ہے۔ یہ دونوں فتوحات پاکستان کو سال 2015 اور 2019 میں حاصل ہوئی ہیں۔
بھارت میں جاری میگا ایونٹ میں گرین شرٹس 5 میچز میں سے محض 2 میں کامیابی سمیٹ کر 4 پوائنٹس حاصل کرسکے ہیں جبکہ مسلسل 3 شکستوں کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں پوزیشن پر موجود ہیں۔ 
 
اس کے برعکس جنوبی افریقہ ٹورنامنٹ کی ٹاپ فور ٹیموں میں سے ایک ہے جس کو نیدر لینڈز کے ہاتھوں اَپ سیٹ شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ پروٹیز نے سری لنکا، آسٹریلیا، انگلینڈ اور بنگلہ دیش جیسی ٹیموں کو بڑے مارجن سے ہرایا ہے۔ افریقی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر 5 میچز میں 4 فتوحات کے ساتھ دوسری پوزیشن پر موجود ہے۔