news
English

جنوبی افریقہ ورلڈ کپ 2023 کے لیے دو اہم فاسٹ بولرز سے محروم

جنوبی افریقہ نے ورلڈ کپ کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا، اینڈائل فھیلکوایو اور لیزاڈ ولیمز حتمی اسکواڈ میں شامل۔

جنوبی افریقہ ورلڈ کپ 2023 کے لیے دو اہم فاسٹ بولرز سے محروم

جنوبی افریقہ نے اگلے مہینے (اکتوبر) سے بھارت میں شروع ہونے والے آئی سی سی مینز ون ڈے ورلڈ کپ 2023 کے لیے 15 رکنی حتمی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ تاہم جنوبی افریقہ ورلڈ کپ 2023 کے لیے دو اہم فاسٹ بولرز سے محروم ہوگیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ نے آسٹریلیا سے پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز میں تین، دو سے کامیابی حاصل کرنے کے بعد اگلے بڑے مرحلے یعنی ورلڈ کپ کے لیے حتمی 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے جس میں رواں ماہ 5 ستمبر کو اعلان کردہ اسکواڈ میں مزید دو تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ 
رپورٹ کے مطابق کمر کی تکلیف میں مبتلا فاسٹ بولر اینرک نورٹجے اور گھٹنے کی انجری کا شکار سیسنڈا ماگلا کی جگہ اینڈائل فھیلکوایو اور لیزاڈ ولیمز کو حتمی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ 
میگا ایونٹ میں پروٹیز کے اسکواڈ میں فاسٹ بولنگ اٹیک کا بوجھ کاگیسو ربادا، لونگی نگیڈی، اینڈائل فیہلوکوایو، لیزاڈ ولیمز، مارکو جانسن اور جیرالڈ کوٹزی اٹھائیں گے جبکہ کیشو مہاراج اور تبریز شمسی اسپن بولنگ کا شعبہ سنبھالیں گے۔ 
جنوبی افریقہ کے کوچ روب والٹر نے کہا کہ ورلڈ کپ کے لیے تجربہ کار کھلاڑیوں کے ساتھ نوجوان کھلاڑیوں کی شمولیت اچھا عمل ہے۔ ہم نے میگا ایونٹ کے لیے تجربے کے ساتھ دستیاب نئے کھلاڑیوں کے ساتھ بھارت کی کنڈیشنز کے مطابق ایک متوازن اسکواڈ تشکیل دینے کی کوشش کی ہے اور مجھے یقین ہے کہ یہ ٹیم ورلڈ کپ میں جنوبی افریقہ کے لیے فخریہ کارکردگی پیش کرے گی۔ 
کرکٹ ساؤتھ افریقہ (سی ایس اے) کے ڈائریکٹر اینوچ نکیو نے میگا ایونٹ کے لیے منتخب تمام کھلاڑیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ورلڈ کپ کھیلنا ہر کھلاڑی کا خواب ہوتا ہے اور مجھے کوئی شک نہیں کہ اس کے لیے منتخب با صلاحیت اسکواڈ بھارت میں اپنے جوہر دکھانے اور ٹرافی گھر لانے کی بھرپور کوشش کرے گا۔ 
ورلڈ کپ کے لیے جنوبی افریقہ کا حتمی 15 رکنی اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔
ٹیمبا باوما (کپتان)، جیرالڈ کوٹزی، کوئنٹن ڈی کوک، ریزا ہینڈرکس، مارکو جانسن، ہینرک کلاسن، اینڈائل پھیلکوایو، کیشو مہاراج، ایڈن مارکرم، ڈیوڈ ملر، لونگی نگیڈی، لیزاڈ ولیمز، کاگیسو ربادا، تبریز شمسی اور راسی وینڈر ڈوسن۔