news
English

کیپ ٹائون ٹیسٹ:11 گیندوں پر6 وکٹیں گنواکربھارتی ٹیم کا شرمناک ریکارڈ

جنوبی افریقہ کی ٹیم نے شاندار بولنگ سےٹیسٹ کرکٹ کی 147 سالہ تاریخ بدل ڈالی۔

کیپ ٹائون ٹیسٹ:11 گیندوں پر6 وکٹیں گنواکربھارتی ٹیم کا شرمناک ریکارڈ

کیپ ٹائون ٹیسٹ میں بھارت نے ٹیسٹ کرکٹ کی ڈیڑھ سو سالہ تاریخ کا شرمناک ترین ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔ ٹیسٹ کرکٹ میں بھارتی ٹیم دنیا کی ایسی پہلی ٹیم بن گئی ہے جس نے اپنے ٹوٹل میں ایک بھی رن کا اضافہ کیے بغیرلگاتار 6 وکٹیں گنوائیں۔ 
صرف11 گیندوں پر بغیر کوئی رن بنائےمسلسل 6 وکٹیں گنوانے والی بھارتی ٹیم کا نیا ریکارڈ ہر طرف چرچے میں ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں محمد سراج کی تباہ کن بولنگ کے نتیجے میں ہوم گراؤنڈ پر جنوبی افریقی ٹیم محض 55 رنز پر ڈھیر ہوگئی، 1932 کے بعد جنوبی افریقہ کا ٹیسٹ کرکٹ میں یہ سب سے کم اسکور تھا۔ بھارت نے اننگز کا آغاز کیا تو 153 کے مجموعی اسکور پر ہندوستان کی کے ایل راہول کی شکل میں چوتھی وکٹ گری تاہم اس کے بعد بھارتی بیٹنگ لائن کا فلاپ شو شروع ہوا۔  
راہول کے آؤٹ ہونے کے بعد لنگی نگیڈی نے اسی اوور میں مزید دو وکٹیں لیکر بھارت پر کاری ضرب لگائی جبکہ کگیسو ربادا نے اگلے اوور میں 2 وکٹیں مزید لیکر بھارتی بیٹنگ کو گھٹنوں پر لاکھڑا کیا، بعدازاں دیگر دو کھلاڑی بھی افریقی بولرز کے آگے بے بس ہوگئے اور یوں 11 گیندوں کے دوران بغیر کسی رن کے اضافے سے بھارت کی 6 وکٹیں گرگئیں۔  
یہ ٹیسٹ کرکٹ کی 147 سالہ تاریخ میں پہلی بار ہوا ہے کہ 11 گیندوں پر بغیر کسی رن کا اضافہ ہوئے حریف ٹیم کی 6 وکٹیں گری ہوں اور یوں بھارت نے جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن ناپسندیدہ ریکارڈ بنا ڈالا۔
جس کے بعد بھارتی ٹیم ٹیسٹ کرکٹ اور انٹرنیشنل کرکٹ میں ایسی پہلی ٹیم بن گئی ہے جس نے اپنے ٹوٹل میں ایک رن کا اضافہ کیے بغیر 6 وکٹیں گنوائیں۔   
بھارت کی جانب سے ویرات کوہلی نے سب سے زیادہ 46 رنز بنائے جبکہ روہت شرما اور شبھمن گل نے 30 رنز بنائے۔ کسی دوسرے بلے باز نے ڈبل فگر تک رسائی حاصل نہیں کی کیونکہ بھارت نے اپنی اننگز میں 6 کھلاڑی صفر پر آئوٹ درج کیے۔ 
مضبوط پوزیشن میں ہونے کے باوجود، جیسا کہ بھارت نے جنوبی افریقہ کو صرف 55 رنز پر آؤٹ کر دیا، بھارت کو خود ہی ایک بڑا دھچکا لگا کیونکہ وہ صرف 98 رنز کی برتری حاصل کرسکا۔ ایک موقع پر ایسا لگ رہا تھا کہ بھارت اپنی برتری کو جنوبی افریقہ کی پہنچ سے باہر کردے گا اور اننگز کی فتح کی تلاش میں ہوگا۔ ٹیسٹ میچ کے پہلے دن صرف 208 رنز پر 20 وکٹیں گرچکی ہیں کیونکہ بولرز نے سازگار مقابلہ کا بھرپور فائدہ اٹھایا۔ پروٹیز اپنی شاندار بولنگ کے مظاہرے سے خوش ہوں گے کیونکہ وہ پہلے ٹیسٹ میچ میں ایک اننگز اور 32 رنز سے شکست دینے کے بعد بھارت کے خلاف سیریز جیتنے کے خواہش مند ہیں۔