news
English

جیک فریزرمیکگورک نے ڈی ویلیئرز کی تیز ترین سنچری کا ریکارڈ توڑدیا  

اے بی ڈی ویلیئرز نے 2015 میں 31 گیندوں پر ون ڈے سنچری مکمل کرکے ریکارڈ قائم کیا تھا۔

جیک فریزرمیکگورک نے ڈی ویلیئرز کی تیز ترین سنچری کا ریکارڈ توڑدیا  

ساؤتھ آسٹریلیا کے بلے باز جیک فریزر میکگورک نے تیز ترین ون ڈے سنچری بناکر ابراہم ڈی ویلیئرز کا ورلڈ ریکارڈ توڑدیا۔ 
آسٹریلیا کے لسٹ اے ٹورنامنٹ مارش کپ کے دوران ساؤتھ آسٹریلیا کے 21 سالہ بیٹر جیک فریزر میکگورک نے 29 گیندوں پر ون ڈے کی تاریخ میں تیز ترین سنچری بنانے کا ابراہم ڈی ویلیئرز کا ورلڈ ریکارڈ توڑدیا، یہ اے لسٹ میچز میں تیزترین سنچری شمار ہوئی۔ 
جیک فریزر نے اس سے قبل 2019 میں بھی وکٹوریہ کی جانب سے ون ڈے اور فرسٹ کلاس ڈیبیو پر متاثر کن پرفارمنس پیش کرتے ہوئے نصف سنچریاں بنائی تھیں، انھوں نے 17 برس کی عمر میں چھ دن کے وقفے سے شیفلڈ شیلڈ اور ون ڈے کپ میں ففٹیز بنانے کا کارنامہ انجام دیا تھا جبکہ اے بی ڈی ویلیئرز نے 2015 میں 31 گیندوں پر ون ڈے سنچری مکمل کرکے ریکارڈ قائم کیا تھا۔ 
واضح رہے کہ مارش ون ڈے کپ کے اس مقابلے میں تسمانیہ نے ساؤتھ آسٹریلیا کے خلاف 37 رنز سے کامیابی سمیٹ لی، فاتح الیون نے9 وکٹوں کے نقصان پر 435 رنز بنائے۔
کپتان جورڈن سلک 116، سلیب جیول 90، میکلیسٹر رائٹ 51 اور بیوویبسٹر 42 رنز بنانے میں کامیاب رہے، برینڈن ڈوگیٹ اور ویس ایگر نے3،3 وکٹیں لیں، ناکام سائیڈ 46.4 اوورز میں 398 رنز پر ہمت ہاردی، جیک فریزر میکگورک نے 38 گیندوں پر 125 رنز اسکورکیے، فریزرکی اننگز میں 13 چھکے اور 10 چوکے شامل رہے۔ 
مہمان ٹیم کا بڑا ٹوٹل اورجیک فریزر کی ریکارڈ سنچری کے باوجود تسمانیہ مقابلہ جیت گیا، فریزر کے علاوہ ناتھن میک سوینے 62، ڈینئیل ڈریو 52 اورکپتان جیک لیمین 35 رنز بناکر نمایاں رہے، مچل اوون نے 3 کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا۔