news
English

نوجوان کرکٹرز سلیکٹرز کے ریڈار پر آ گئے

ہوم سیریز اورنیوزی لینڈٹورکیلیے پلیئرزکارواں ماہ کے دوسرے ہفتے میں اعلان

نوجوان کرکٹرز سلیکٹرز کے ریڈار پر آ گئے فوٹو: اے ایف پی

قومی ٹی ٹوئنٹی کپ میں اب تک بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے نوجوان کرکٹرزعبداللہ شفیق، ذیشان اشرف اور ذیشان ملک سلیکٹرز کے ریڈار پر آگئے۔

قومی کرکٹ ٹیم کی اگلی آزمائش زمبابوے سے ہوم ون ڈے و ٹی ٹوئنٹی سیریز ہے، پھر اسے نیوزی لینڈ جانا ہوگا،ان مقابلوں کیلیے ممکنہ اسکواڈ کا اعلان رواں ماہ کے دوسرے ہفتے میں متوقع ہے۔

دونوں سیریز کے لیے ایک ساتھ ہی کھلاڑیوں کا اعلان کرنے کی تجویز ہے تاکہ کورونا پروٹوکولز کو یقینی بنانے کے ساتھ نیوزی لینڈ روانگی کیلیے سفری دستاویزات کی بروقت تکمیل میں آسانی ہو۔ قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کے دوران ملتان میں موجود ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر مصباح الحق نے دونوں سیریز کیلیے ممکنہ کھلاڑیوں کی فہرست پر ساتھیوں سے تبادلہ خیال کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق نوجوان کرکٹرز عبداللہ شفیق، ذیشان اشرف اور ذیشان ملک کو 36 رکنی دستے کا حصہ بنانے پر اتفاق پایا جاتا ہے، تینوں نے اب تک قومی ایونٹ میں بہتر کارکردگی سے سب کے دل جیتے ہیں، اس سے پہلے ڈومیسٹک سیزن میں بھی ان کا ریکارڈ خاصا متاثر کن رہا۔زمبابوے کے خلاف سیریز میں سینئرز کی جگہ چند نئے چہروں کو آزمانے کا عندیہ مصباح الحق پہلے ہی دے چکے ہیں۔

دورہ انگلینڈ میں نظر انداز ہونے والے لیگ اسپنر عثمان قادر کی واپسی ہوگی۔ دورۂ نیوزی لینڈ کے لیے ٹیسٹ اسکواڈ میں کسی بڑی تبدیلی کا امکان دکھائی نہیں دے رہا، انگلینڈ سے سیریز کے لیے منتخب بیشتر کرکٹرز شامل ہوں گے۔ سینئر ٹیم کو کیویز سے2 ٹیسٹ اور3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کھیلنا ہے، پاکستان اے کے 2چار روزہ اور 6 ٹی ٹوئنٹی مقابلے بھی شیڈول ہیں، اس کیلیے بھی کھلاڑیوں کے ناموں پرغور کیا جا رہا ہے۔