سری لنکن کھلاڑیوں کا جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے اولڈ ٹرمینل پر شاندار استقبال کیا گیا
دورہ پاکستان کےلیے سری لنکا کی کرکٹ ٹیم کراچی پہنچ گئی ہے۔ مہمان کھلاڑیوں کا جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے اولڈ ٹرمینل پر شاندار استقبال کیا گیا۔
سری لنکا سے تینوں ون ڈے میچز کراچی میں کھیلے جائیں گے، شہر قائد نے آئی لینڈرز کا استقبال کرنے کیلیے بانہیں پھیلا دی ہیں، قذافی اسٹیڈیم میں تربیتی کیمپ اتوار کو ہی ختم ہوگیا تھا، گذشتہ روز کھلاڑیوں نے آرام کیا اور میزبان اسکواڈ گذشتہ رات ہی لاہور سے روانگی کے بعد کراچی پہنچ گیا۔
منگل کے روز دونوں ٹیمیں آرام کریں گی، نیشنل اسٹیڈیم میں بدھ کو آئی لینڈرز دوپہر 2بجے ٹریننگ کریں گے،گرین شرٹس کا پریکٹس سیشن شام 6 بجے شروع ہوگا،اگلے روز دوپہر 2بجے پاکستان ٹیم کی ٹریننگ اور کپتان سرفراز احمد کی پریس کانفرنس ہونی ہے۔
ٹرافی کی تقریب رونمائی کے بعد مہمان کپتان لاہیرو تھریمانے میڈیا سے بات کریں گے، سری لنکا ٹیم کی ٹریننگ شام 6بجے ہوگی، جمعے کو پہلا ون ڈے سہ پہر 3 بجے شروع ہونا ہے۔
دوسری جانب ون ڈے سیریز کیلیے نیشنل اسٹیڈیم میں تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں، سیکیورٹی کے حوالے سے حکمت عملی تیار کرلی گئی، وینیو کا کونا کونا اب کیمروں کی نظرمیں ہوگا،اسٹیڈیم میں کمانڈ اینڈ کنٹرول روم نے کام شروع کردیا۔
مختلف ایریاز میں 80 سے زائد ہائی ریزولوشن کیمرے نصب کردیے گئے، انکلوژرز،گراؤنڈ، پویلین اوراسٹیڈیم کے اندرونی ایریاز کیمروں کی مکمل نگرانی میں ہوں گے،گراؤنڈ کے چاروں اطراف،ملحقہ سڑکیں اورعمارتیں بھی کیمرے کی آنکھ سے نہیں بچ سکیں گی،جدید کیمروں کے ذریعے اسٹیڈیم میں بیٹھے ہرشخص کی نقل وحرکت مانیٹرہوگی،اسٹیڈیم کے باہرسے گزرتی ایک ایک گاڑی کوبھی مانیٹرکیا جائیگا۔
کیمرے رات کی تاریکی میں بھی ریکارڈنگ کی صلاحیت رکھتے ہیں،کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کی نگرانی سیکیورٹی ادارے کریں گے، رش سے بچنے کیلیے شائقین کو میچ شروع ہونے سے تین گھنٹے قبل اسٹیڈیم پہنچنے کی ہدایت کردی جائے گی، تماشائی کم از کم5 مقامات پر چیکنگ کے مراحل سے گزرنے کے بعد ہی اپنے اسٹینڈز تک پہنچ پائیں گے۔
یاد رہے کہ کراچی میں پہلا ایک روزہ میچ 27 ستمبر،دوسرا 29 ستمبر اور تیسرا 2 اکتوبر کو شیڈول ہے، لاہور میں ٹی ٹوئنٹی میچز ساڑھے 6 بجے شروع ہوں گے، یہاں میچز 5، 7 اور 9 نومبر کو کھیلے جائیں گے۔