ویمنز ایشیاء کپ ٹی ٹوئنٹی کے دوسرے سیمی فائنل میں سری لنکا نے پاکستان کو 1 رن سے شکست دے دی۔
آج ہونے والے اس اہم مقابلے میں سری لنکن ویمنز ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں6 وکٹوں کے نقصان پر 122 رنز اسکور کیے جب کہ پاکستان کو ایک رن سے شکست ہوئی۔
سری لنکن ویمنز ٹیم کی جانب سے دیے دیئے گئے 123 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے پاکستانی ٹیم 6 وکٹوں کے نقصان پر 121 رنز بنا سکی۔
پاکستان کی جانب سے بسمہ معروف 42 اور ندا ڈار 26 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔
اس سے قبل سری لنکن ویمنز ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں6 وکٹوں کے نقصان پر 122 رنز بنائے۔
پاکستانی بولر نشرح سندھو نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جب کہ سعدیہ اقبال، ندا ڈار اور ایمن انور نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
سری لنکن کھلاڑی ہرشیتھا سماراوکرما 35 رنز بنا کرنمایاں رہیں،انوشکا سنجیوانی نے 26 اور نیلکشی ڈو سلوا نے 14 رنز بنائے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ کے پہلے سیمی فائنل میں بھارت نے تھائی لینڈ کو 74 رنز سے ہرا کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔
بھارتی ٹیم کی طرف سے دپتی شرما نے تین جبکہ راجیشوری گائیکواڑ نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ تھائی لینڈ ویمن کی 9 کھلاڑی ڈبل ڈیجٹ بھی عبور نہ کر سکیں۔ یوں بھارتی ویمن پہلے سیمی فائنل میں تھائی لینڈ کی خواتین ٹیم کو 74 رنز سے ہرا کر فائنل میں پہنچ گئی۔ شفالی ورما کو میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔