news
English

سری لنکا پر کرپٹ ترین کرکٹنگ قوم کا لیبل لگ گیا

وزیرکھیل نے کہا کہ کچھ وجوہات کے سبب ابھی اس میں درج نام ظاہر نہیں کیے جا سکتے

سری لنکا پر کرپٹ ترین کرکٹنگ قوم کا لیبل لگ گیا PHOTO: AFP

 آئی سی سی نے سری لنکا پرکرپٹ ترین کرکٹنگ قوم کا لیبل لگا دیا فکسنگ کے حوالے سے انتہائی اہم خفیہ رپورٹ وزیرکھیل ہارین فرنانڈو کے سپرد کردی گئی۔

وزیرکھیل نے کہا کہ کچھ وجوہات کے سبب ابھی اس میں درج نام ظاہر نہیں کیے جا سکتے، البتہ رپورٹ دیکھنے کے بعد میں یہ کہہ سکتا ہوں کہ ملکی کرکٹ منتظمین اوپر سے نیچے تک بدعنوان ہیں، میڈیا سے بات چیت میں انھوں نے کہا کہ آئی سی سی حکام نے مجھے بتایا کہ ہماری کرکٹ میں مسائل بکیز تک محدود نہیں بلکہ مقامی گیم کے تانے بانے بھی زیرزمین دنیا سے ملتے ہیں، انھوں نے مزید کہا کہ کھیل میں گڑبڑکی نشاندہی کرنے والے سری لنکن پلیئرز کو آئی سی سی عام معافی دے گی، ہماری حکومت اینٹی میچ فکسنگ قانون سازی کرنا چاہتی ہے،  ہارین فرنانڈونے کہا کہ سری لنکا کرکٹ کھیل کو کرپشن فری بنانے کیلیے کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔

وزیر نے یہ بھی بتایا کہ ابھی تک عبوری کمیٹی کو ترتیب دینے یا بورڈ کے مجوزہ الیکشن موخر کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا، ہم بہت جلد بھارت جاکر آئی سی سی چیئرمین ششانک منوہر سے ملاقات کریں گے، ہماری آئندہ میٹنگ میں کونسلکے چیف ایگزیکٹیو ڈیوڈ رچرڈسن اور اینٹی کرپشن سربراہ الیکس مارشل بھی شامل ہوسکتے ہیں۔ دریں اثنا سری لنکا میں کرکٹ معاملات کو شفاف بنانے کیلیے آئی سی سی نے کولمبو میں سینئر تفتیش کار مقرر کردیا، وزیر کھیل ہارین فرنانڈو نے گزشتہ دنوں دبئی میں کونسل کے اینٹی کرپشن آفیشلز سے ملاقات کی تھی، انھوں نے کہا کہ ہماری یہ بات چیت بہت مثبت رہی، سینئر تفتیش کار چند ماہ سری لنکا کرکٹ کے ساتھ ملک کر کام کرے گا، ہارین فرنانڈو نے ہا کہ ملک میں کھیل کو شفاف کرنے کیلیے ہماری کوششوں میں یہ اہم پیشرفت ہے۔