گوناتھیلاکا کو ہر طرز کی کرکٹ کھیلنے کی اجازت، قومی ٹیم کی نمائندگی کرنے کے اہل قرار۔
ریپ کیس میں چند ہفتے قبل سڈنی کی عدالت سے بری ہونے والے سری لنکن کرکٹر دانشکا گوناتھیلاکا پرعائد پابندی مکمل طور پر ختم کر دی گئی ہے جس کے بعد وہ ہر طرزکی کرکٹ کھیلنے کے لیے آزاد ہیں اور قومی ٹیم کی نمائندگی کرنے کے بھی اہل قرار دیئے گئے ہیں۔
سری لنکا کرکٹ کے مطابق گونا تھیلاکا نے آسٹریلیا میں اپنے ٹرائل کا سامنا کیا اور خود پر لگائے گئے الزامات کا دفاع کیا، تمام صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد کمیٹی نے فوری طور پر کھلاڑی پر عائد پابندی ختم کرنے کی تجویز دی۔
سری لنکن کرکٹ کے مطابق ایگزیکٹو کمیٹی نے اس تجویز کو منظور کرلیا ہے جس کے بعد دانشکا گوناتھیلاکا کو ہر طرز کی کرکٹ کھیلنے کی اجازت ہے اور وہ قومی ٹیم کی نمائندگی کے بھی اہل قرار دیئے گئے ہیں۔
ایس ایل سی کی ایگزیکٹو کمیٹی نے، 13 اکتوبر 2023 کو ہونے والے اپنے اجلاس میں، اس سفارش کی توثیق کی۔
واضح رہے کہ سری لنکا کرکٹ نے دانشکا گونا تھیلاکا کی گرفتاری پر تحقیقات کیلئے انڈیپینڈنٹ کمیٹی تشکیل دی تھی، کرکٹر کو نومبر 2022 میں کرکٹ کے تمام فارمیٹس سے معطل کردیا گیا تھا۔ تاہم بعد میں نومبر 2022 میں ریپ کے الزام میں گوناتھیلاکا کو گرفتار کرلیا گیا تھا تاہم سڈنی کی عدالت نے طویل سماعتوں اور بحث مباحثے کے بعد انہیں بری کردیا تھا۔
سری لنکن کرکٹر پر آسٹریلیا کی ایک مقامی خاتون کی جانب سے ریپ کیس میں چار مختلف الزامات عائد کئے گئے تھے، تاہم کرکٹر کے کیس میں تین الزامات کو پہلے ہی ختم کر دیا گیا تھا جبکہ تحقیقات کے بعد انہیں واحد الزام سے بھی بری کردیا گیا۔
آسٹریلوی میڈیا کے مطابق اس کیس میں زبردستی اور رضامندی کے بغیر خاتون کے ساتھ تعلق قائم کرنے اور اس دوران جھوٹ بولنے کو ثابت نہیں کیا جاسکا تھا جس پر سڈنی کی عدالت نے کرکٹر کو بری کردیا تھا۔
گوناتھیلاکا آخری بار سری لنکا کے لیے اکتوبر 2022 میں T20 ورلڈ کپ میں نمیبیا کے خلاف پہلے راؤنڈ کے میچ میں ایکشن میں نظر آئے تھے۔