پاکستان اور سری لنکا انڈر19 کے تمام میچز15سے31اکتوبر تک کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان انڈر 19 سیریز کھیلنے کے لیے سری لنکا کی انڈر19کرکٹ ٹیم 12 اکتوبر کو پاکستان پہنچے گی، اس سیریز میں ایک چار روزہ میچ ہوگا اور پانچ ون ڈے میچز ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق سری لنکا کی انڈر19کرکٹ ٹیم 12 اکتوبر کو پاکستان پہنچے گی، سری لنکن ٹیم اپنے دورے میں پاکستان انڈر 19 ٹیم کے خلاف ایک چار روزہ اور پانچ ون ڈے میچز کھیلے گی،تمام چھ میچز15سے31اکتوبر تک کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق سری لنکن ٹیم کے دورے کا آغاز 15اکتوبرکو چار روزہ میچ سے ہوگا، اس کے بعد 22سے31اکتوبر تک ون ڈے سیریز کھیلی جائے گی جس کے میچز صبح ساڑھے نو بجے شروع ہوں گے۔
آئی سی سی انڈر 19ورلڈ کپ کے لیے مقرر کیے گئے قواعد وضوابط کے تحت اس سیریز کے لیے صرف انہی کھلاڑیوں کو منتخب کیا جائے گا جن کی تاریخ پیدائش یکم ستمبر 2004 ء یا اس کے بعد ہوگی۔
واضح رہے کہ یہ پاکستانی انڈر19ٹیم کی اس سال دوسری دو طرفہ سیریز ہوگی۔
رواں سال اپریل میں پاکستان کی انڈر 19 ٹیم نے بنگلہ دیش کا دورہ کیا تھا جس میں ایک چار روزہ، ایک ٹی ٹوئنٹی اور پانچ ون ڈے میچز کھیلے گئے تھے جس میں پاکستان نے تینوں فارمیٹس کی سیریز جیتی تھی جس میں ون ڈے سیریز کی چار ایک سے جیت قابل ذکر ہے۔
کراچی میں سیریز کھیلنے کے بعد سری لنکن انڈر19ٹیم 1 نومبر کو وطن واپس روانہ ہوجائے گی۔