news
English

سری لنکا اور افغانستان کے درمیان پہلا ون ڈے میچ آج ہوگا

افغانستان کے ساتھ تین ون ڈے میچوں کی سیریز کے لئے سری لنکا کے اسکواڈ کا اعلان، سابق کپتان داسن شناکا کو ڈراپ کردیاگیا۔

سری لنکا اور افغانستان کے درمیان پہلا ون ڈے میچ آج ہوگا

سری لنکا نے افغانستان کے ساتھ تین میچوں کی ون ڈے سیریز کے لئے سابق کپتان داسن شناکا کو 16 رکنی پلیئنگ اسکواڈ سے ڈراپ کردیا، آل رائونڈر چمیکا کرونارتنے اور اوپننگ بیٹر شیون ڈینیئل کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
سابق کپتان داسن شناکا کو ناقص پرفارمنس کے باعث اسکواڈ سے ڈراپ کیا گیا، داسن شناکا نے اپنی گزشتہ 21 ون ڈے اننگز میں 12.25 کی اوسط سے رنز بنائے، جن میں صرف ایک ففٹی شامل ہے۔ 
شناکا کو زمبابوے سیریز سے قبل کپتانی سے ہٹا دیا گیا تھا تاہم پلیئنگ الیون میں برقرار رکھا گیا بعد ازاں انہیں پہلے دو ون ڈے میچوں میں آٹھ اور سات رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد تیسرے ون ڈے سے بھی ڈراپ کردیا گیا تھا۔ داسن شناکا کے ساتھ ساتھ ونیندو فرنیڈو اور جیفری وینڈرسے کو بھی ناقص پرفارمنس کے باعث ٹیم سے ڈراپ کیا گیا ہے۔
افغانستان کے خلاف آج سے پالیکیلے میں شروع ہونے والی ون ڈے سیریز کے لئے سری لنکن اسکواڈ میں کپتان کوشل مینڈس، شیون ڈینیئل، دنیتھ ویلالاگے، چارتھ اسالنکا، جانتھ لیانگے، پرامود مدوشن، پاتھم نسانکا، چمیکا کرونارتنے، اکیلا دھننجیا، اویشکا فرنینڈو، مہیش تھیکشانہ، ونیندو ہسارنگا، سدیرا سماراوکرما، دلشان مدوشنکا، ساہن اراچیگے اور دشمانتھا چمیرا شامل ہیں۔ 
سری لنکا اورافغانستان کی ٹیموں کے درمیان پہلا ایک روزہ میچ آج یعنی 9 فروری کو کھیلا جائے گا۔  
سری لنکا اور افغانستان کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ایک روزہ بین الاقوامی میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ پالے کیلی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔اس سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا واحد ٹیسٹ میچ آئی لینڈرز نے 10 وکٹوں سے جیت لیا تھا۔ 
افغانستان کی ٹیم شیڈول کردہ دورے کے مطابق آئی لینڈرز کے خلاف واحد ٹیسٹ کے علاوہ 3ایک روزہ اور تین ٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچوں کی سیریز کھیلے گی۔ 

دونوں ٹیموں کے درمیان تین ون ڈے میچوں کی سیریز کا آغاز 9 فروری یعنی آج سے پہلے ون ڈے میچ سے ہوگا۔دونوں ٹیموں کے درمیان تین ایک روزہ انٹرنیشنل میچز کی سیریز کا دوسرا ون ڈے میچ 11 فروری جبکہ تیسرا اور آخری ون ڈے میچ 14 فروری کو کھیلا جائے گا۔ تین ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کے تمام میچز پالیکیلے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ہی کھیلے جائیں گے۔
تین ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کا آغاز 17 فروری کو پہلے میچ سے ہوگا، دوسرا ٹی ٹونٹی میچ 19 فروری کو جبکہ تیسرا اور آخری ٹی ٹونٹی میچ 21 فروری کو کھیلا جائے گا۔ تین ٹی ٹونٹی میچز رنگیری دمبولا انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔