news
English

ٹی20 ورلڈکپ2024: سری لنکا اور جنوبی افریقہ کا مقابلہ آج ہوگا

جنوبی افریقہ اور سری لنکا کے درمیان میچ ایک ڈراپ ان پچ پر کھیلا جائے گا، جو پہلی بار استعمال کی گئی تھی جب بھارت نے ہفتے کو ایک وارم اپ گیم میں بنگلہ دیش کو 60 رنز سے شکست دی تھی۔

ٹی20 ورلڈکپ2024: سری لنکا اور جنوبی افریقہ کا مقابلہ آج ہوگا

ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 میں آج سری لنکا بمقابلہ جنوبی افریقہ،ایک اہم میچ ہوگا۔ یہ میچ ایک ڈراپ ان پچ پر کھیلا جائے گا، جو پہلی بار استعمال کی گئی تھی جب بھارت نے ہفتے کو بنگلہ دیش کو 60 رنز سے شکست دی تھی۔  
تفصیلات کے مطابق سری لنکا پیر کےروز نیویارک میں گروپ ڈی کے اوپنر میں جنوبی افریقہ کا سامنا کرے گا۔ میچ صبح 9:30 بجے مقامی وقت کے مطابق جبکہ پاکستان میں اس وقت شام کے 7:30 بج رہے ہوں گے۔  
جنوبی افریقہ کے کپتان، ایڈن مارکرم، اپنے کھلاڑیوں کے نئی ناساو کاؤنٹی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم کے حالات کے مطابق ڈھالنے کی صلاحیت پر یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے نیویارک میں ایک ورلڈ کپ میچ کھیلنے کے بارے میں پرجوش جذبات کا اظہار کیا اور کہا کہ ان کی ٹیم اچھی طرح تیار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ "ہم صبح سویرے بطور ٹیم کچھ کام کرتے ہیں، اس لئے اب ہم اس کے عادی ہو چکے ہیں،" مارکرم نے اپنی پری میچ پریس کانفرنس میں مزید کہا کہ "اگر آپ بڑے منظر نامے سے دیکھیں، تو یہ ایک دلچسپ دن ہے، ہمیں نہیں لگا کہ ہم کبھی نیویارک میں ورلڈ کپ کا میچ کھیلیں گے۔ "یہ ایک خوبصورت تربیتی سہولت ہے اور ہم اسٹیڈیم اور پچ کا پہلا نظارہ کریں گے تاکہ چیزوں کا جائزہ لیں۔"
ورلڈ کپ کے گروپ ڈی، جسے "گروپ آف ڈیتھ" کہا جاتا ہے، میں بنگلہ دیش، نیدرلینڈز اور نیپال بھی شامل ہیں۔ جنوبی افریقہ، جو ورلڈ کپ میں ہمیشہ کمزوری دکھاتا رہا ہے، اس بار بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے، ایڈن مارکرم اپنے امکانات کے بارے میں پر اعتماد ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ "میں خاموشی سے اپنا کام کررہا ہوں اور پراعتماد ہوں، یہاں واقعی اچھی ٹیمیں ہیں لیکن ہمیں لگتا ہے کہ اگر ہم اپنی فارم پائیں اور اپنی بہترین صلاحیتوں کے مطابق کھیلیں تو ہم کسی کو بھی ہرا سکتے ہیں۔"
انہوں نے کہا کہ "ہم نے اپنی توجہ خود پر مرکوز کی ہے اور دیکھیں گے کہ یہ ہمیں کہاں لے جاتا ہے۔ لیکن ہم یقینی طور پر ٹرافی جیتنے آئے ہیں۔" 
دوسری جانب سری لنکا، جس کی قیادت وانندو ہسارنگا کر رہے ہیں، بھی اپنی حالیہ ورلڈ کپ کی ناکامیوں پر قابو پانے کا ارادہ رکھتا ہے۔ ہسارنگا اپنے مضبوط باؤلنگ اٹیک پر یقین رکھتے ہیں اور مانتے ہیں کہ ان کی امریکہ میں جلدی آمد ان کے لئے فائدہ مند ثابت ہوئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ "میں اور ماہیش تھیکشنا آئی سی سی رینکنگ میں ٹاپ فائیو میں ہیں اور ہمارے پاس اچھے فاسٹ باؤلرز بھی ہیں۔"
ہسارنگا نے میچ سے پہلے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ"ہم دو ہفتے پہلے شمالی کیرولینا آئے تھے، وہاں پریکٹس سیشن کیے اور فلوریڈا میں دو پریکٹس میچ کھیلے، "وکٹ کا باؤنس ناہموار ہے، یہ ٹینس بال جیسا باؤنس ہے اور مجھے لگتا ہے کہ یہ ہمارے باؤلرز کے لئے مددگار ثابت ہوگا۔" 
جنوبی افریقہ ویسٹ انڈیز کے خلاف 3-0 سیریز شکست کے بعد ٹورنامنٹ میں داخل ہو رہا ہے لیکن اپنے حالیہ میچز کا فائدہ اٹھانے کی امید کر رہا ہے۔ سری لنکا نے اپنی آخری تین ٹی 20 سیریز بنگلہ دیش، افغانستان اور زمبابوے کے خلاف جیتی ہیں۔ تاریخی طور پر، جنوبی افریقہ نے اپنے ہیڈ ٹو ہیڈ ریکارڈ میں 17 میں سے 12 میچز جیتے ہیں۔ 
جنوبی افریقہ کا اسکواڈ: 
ایڈن مارکرم (کپتان)، کوئنٹن ڈی کاک، ریزا ہینڈرکس، ہینرک کلاسین، ڈیوڈ ملر، ریان ریکیلٹن، ٹرسٹن سٹبز، مارکو جانسن، اوٹنئیل بارٹ مین، جیرالڈ کوٹزی، کیشپ مہاراج، بیورن فورچوئین، اینرچ نورٹجے، کاگیسو ربادا اور تبریز شمسی۔ 
سری لنکاکا اسکواڈ:
 وانندو ہسارنگا، چریتھ اسالنکا، کوسل مینڈس، پاتھم نسانکا، کامندو مینڈس، سدھیرا سماراوکرما، انجیلو میتھیوز، داسن شناکا، دھنانجیا ڈی سلوا، ماہیش تھیکشنا، دُنتھ ویللاج، دشمنتھا چمیرا، نووان تُشارا، ماتھیشا پاتھیرانااور دلشان مدوشانکا۔