news
English

ڈیل اسٹین پاکستان میں گزرے لمحات یاد کرنے لگے

ہوٹل اور اسٹیڈیم تک محدود رہ کر بھی بہت لطف اٹھایا، پروٹیز پیسر

ڈیل اسٹین پاکستان میں گزرے لمحات یاد کرنے لگے فوٹو: اے ایف پی

 جنوبی افریقی فاسٹ بولرڈیل اسٹین پاکستان میں گزرے خوشگوار لمحات یاد کرنے لگے، انھوں نے کہاکہ میں نے ہوٹل اور اسٹیڈیم تک محدود رہ کر بھی بہت لطف اٹھایا۔

ڈیل اسٹین نے پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کا اعزاز پایا، اگرچہ انھیں وطن لوٹے 2ہفتے گزر چکے مگر اب بھی وہ پاکستان میں گزارے ہوئے وقت  کی خوشگوار یادوں میں ڈوبے ہوئے ہیں۔

انھوں نے انسٹاگرام لائیو چیٹ میں انگلینڈ کے سابق کرکٹر کیون پیٹرسن سے بات چیت میں کہا کہ زیادہ تر وقت ہوٹل میں گزارنے کے باوجود میں پاکستان میں بہت لطف اندوز ہوا، مجھے وہاں سے آئے ہوئے 2 ہفتے ہوچکے ہیں، اس حقیقت کے باوجود کہ ایک طرح سے ہم وہاں پر ہوٹل تک محدود تھے پھر بھی مجھے پی ایس ایل کھیلنے میں کافی لطف آیا، ہم باہر گھومنے نہیں جاسکے، پی سی بی اس بات کو یقینی بنانا چاہتا تھا کہ کچھ غلط نہ ہو، ویسے بھی آپ وہ شخص نہیں بننا چاہتے جو باہر جاتا، کچھ ہوتا توپاکستان میں تمام کرکٹ رک جاتی، میں اپنے ہوٹل کے کمرے سے سوئمنگ پول تک جاتا، مگر مجھے اس سے کوئی مسئلہ نہیں تھا البتہ آپ کہہ سکتے ہیں کہ ایک طرح سے مجھے قرنطینہ میں 6 ہفتے ہوچکے ہیں۔

ڈیل اسٹین کو پاکستان میں سرد موسم کی وجہ سے تھوڑی پریشانی ہوئی، انھوں نے کہاکہ مجھ سے ایک غلطی ہوئی کہ پاکستان جانے سے قبل میں نے وہاں کے موسم سے متعلق معلومات نہیں لیں، میں نے کبھی اتنی سردی نہیں دیکھی، میں 90 فیصد وقت اسلام آباد یونائیٹڈ کی ہوڈی پہنے رہتا کیونکہ اپنے ساتھ گرم کپڑے نہیں لایا تھا۔

ڈیل اسٹین نے کہا کہ کورونا وائرس کے حوالے سے اچانک ہماری واپسی کا فیصلہ ہوا، اگلے دن میچ تھا مگر اس سے قبل ہی میں اپنے گھر واپس بھی پہنچ چکا تھا، میں اس انداز میں وہاں سے واپس نہیں آنا چاہتا تھا مگر جس قسم کی صورتحال تھی اس میں جہاز پر سوار ہونا ہی زیادہ بہتر رہا۔