لارڈز: ایشز سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد انگلینڈ کو 43 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-2 کی برتری حاصل کرلی۔
لارڈز میں کھیلے گئے سنسنی خیز میچ میں آسٹریلیا کے بنائے گئے 371 رنز کے تعاقب میں انگلینڈ کی پوری ٹیم 327 رنز پر ڈھیر ہوگئی، بین اسٹوکس اور بین ڈکٹ کے علاوہ انگلینڈ کے تمام بلے باز بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے۔
انگلش ٹیم کے کپتان آل راؤنڈر بین اسٹوکس نے وکٹ کے چاروں طرف جارحانہ شارٹس کھیلتے ہوئے حریف باؤلرز کو بے بس کیے رکھا، انہوں نے 9 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 155 رنز کی شاندار اننگز کھیلی لیکن اس کے باوجود وہ ٹیم کو فتح سے ہمکنار نہ کراسکے جبکہ بین ڈکٹ 83 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
آخری روز ایک دلچسپ مرحلہ دیکھنے کو ملا جب جونی بیرسٹو ڈرامائی انداز میں رن آؤٹ ہوئے اس دوران اسٹیڈیم میں امپائر کے فیصلے کے خلاف بھرپور صدائیں بلند کی گئیں۔
لارڈز ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں آسٹریلیا نے 427 رنز اسکور کیے تھے جس کے جواب میں انگلش ٹیم 325 رنز بنا سکی تھی جبکہ دوسری اننگز میں کینگروز 279 رنز پر آؤٹ گئے تھے اور حریف ٹیم کو 371 رنز کا ہدف دیا تھا، عثمان خواجہ 77 رنز بنا کر سرفہرست رہے، میچ کے دوران بہترین کارکردگی دکھانے پر اسٹیو اسمتھ کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔