news
English

اسٹمپ مائیک نے وارنر اور لیبسشیگن کی شان مسعود پر جملے بازی ریکارڈ کرلی

 آسٹریلوی آل رائونڈر کو اپنی جملے بازی میں ٹوتھ پیسٹ کے انٹرنیشنل برانڈ کا نام لیتے سنا گیا

اسٹمپ مائیک نے وارنر اور لیبسشیگن کی شان مسعود پر جملے بازی ریکارڈ کرلی تصویر: اے ایف پی

پاکستانی بلے باز شان مسعود کو تنگ کرنے کے لیے آسٹریلوی کھلاڑی اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے۔

برسبین میں کھیلے گئے پاکستان اور آسٹریلیا کے پہلے ٹیسٹ کے چوتھے روز پاکستانی اوپنر شان مسعود کو تنگ کرنے کے لیے آسٹریلوی کھلاڑی فقرے بازی کرتے رہے۔ اسٹمپ مائیک پر دونوں آسٹریلوی کھلاڑیوں کی فقرے بازی ریکارڈ ہوگئی جس میں ان دونوں کھلاڑیوں کو شان مسعود کو تنگ کرنے کے لیے ان پر فقرے کستے سنا جاسکتا ہے۔

آسٹریلوی آل رائونڈر ڈیوڈ وارنر اور لیبسشیگن کی فقرے بازی میں ٹوتھ پیسٹ کے انٹرنیشنل برانڈ کا نام بھی لیا گیا۔ شان مسعود جب اسپنر ناتھن لیون کو کھیلنے کے لیے خود کو تیار کررہے تھے تب شارٹ لیگ پر فیلڈنگ کرتے ہوئے لیبسشیگن نے کولگیٹ کا نام لیا جبکہ سلپ میں فیلڈنگ کرتے ہوئے وارنر نے انہیں مخاطب کرتے ہوئے پوچھا۔۔۔ کیا تم نے کولگیٹ کہا۔؟

انہوں نے پوچھا تم کیا بتانا چاہ رہے ہو، کیا ان کے (شان مسعود) کے منہ سے بدبو آرہی ہے۔؟

اس موقع پر کمنٹری کرتے ہوئے سابق آسٹریلوی کرکٹر ایڈم گلکرسٹ نے کہا کہ انہوں نے اپنی زندگی میں کبھی ذاتی صفائی کے حوالے سے اس طرح کھلاڑیوں کو مختلف حوالے دیتے نہیں سنا۔   

 اسی ٹیسٹ میچ کے پہلے روز جب پاکستانی وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان کریز پر تھے تو آسٹریلوی وکٹ کیپر ٹم پین نے محمد رضوان کو فقرے بازی کا نشانہ بنایا تھا اور ان کی محتاط بیٹنگ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کی جگہ اگر سرفراز احمد وکٹ پر ہوتے تو اس گیند پر چوکا لگاتے۔

 انہوں نے فقرے بازی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ان کے(محمد رضوان) کے پاس سے بہت اچھی خوشبو آرہی ہے۔