پلیئر کو آن گرائونڈ طبی امداد دینے یا میدان سے باہر لے جانے کا فیصلہ کرنے کیلیے 4منٹ کا وقت مقررکیاگیاہے، آئی سی سی
آئی سی سی (انٹرنیشنل کرکٹ کونسل) نے اسٹمپنگ ریویو کے قانون میں تبدیلی کردی جب کہ فیلڈ امپائر صرف بیٹر کی کریز پوزیشن چیک کرواسکے گا۔
کرکٹ میں فیلڈنگ سائیڈ کی طرف سے اسٹمپنگ کی اپیل پر اپنا شک دور کرنے کے لیے آف فیلڈ امپائر تھرڈ امپائر سے رجوع کرتا تو وکٹوں کے پیچھے کیچ سمیت دیگر نوعیت کے آؤٹ بھی چیک ہوجاتے تھے، یوں ریویو لیے بغیر بھی بولر کو وکٹ حاصل کرنے کا موقع مل جاتا، البتہ یکم دسمبر سے اس قانون میں تبدیلی کردی گئی ہے۔
اب اگر فیلڈ امپائر تھرڈ امپائر سے رائے طلب کرتا ہے تو وہ صرف اسٹمپنگ کے حوالے سے فیصلہ کرے گا، کسی اور نوعیت کا آؤٹ ہوا بھی تو فیصلہ بولنگ سائیڈ کے حق میں نہیں دیا جائے گا،اس کے لیے ریویو لینا پڑے گا۔
آئی سی سی ذرائع کے مطابق آن فیلڈ امپائر اسٹمپنگ چیک کرتا تو بولنگ سائیڈ کو مفت کا ریویو مل جاتا،اب اس حوالے سے سیدھا اور واضح قانون متعارف کروادیا گیا ہے جس میں صرف سائیڈ اینگلز سے دیکھا جائے گا کہ اسٹمپنگ کے وقت بیٹر کریز کے باہر تھا یا نہیں۔
ایک اور قانون تبدیل کرتے ہوئے واضح کیا گیا ہے کہ اگر کوئی ایسا کھلاڑی کنکشن کا شکار ہو جس کو اس وقت بولنگ سے معطل کیا گیا ہو تو اس کی جگہ لینے والے کو بھی بولنگ کی اجازت نہیں ہوگی۔
آئی سی سی کا کہنا ہے کہ کسی انجری کی صورت میں پلیئر کو طبی امداد دینے یا میدان سے باہر لے جانے کا فیصلہ کرنے کے لیے 4منٹ کا وقت دیا جائے گا،ٹی وی امپائر اب صرف فرنٹ فٹ ہی نہیں ہر قسم کی نوبال چیک کرسکے گا۔