ورلڈکپ 2023 کے دوران سری لنکن بیٹر اینجلو میتھیوز کو کرکٹ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ٹائم آؤٹ قرار دیا گیا تھا۔
کراچی میں جاری نیشنل ٹی20 کپ کے میچ میں پاکستانی بلے باز صہیب مقصود ٹائم آؤٹ کا شکار ہونے والے پہلے پاکستانی کرکٹر بن گئے۔
ملتان ریجن اور آزاد جموں و کشمیر کے میچ میں ملتان ریجن کی نمائندگی کرنے والے صہیب مقصود کو کریز پر تاخیر سے پہنچنے پر ٹائم آؤٹ قرار دے دیا گیا۔
پی سی بی کے تحت نیشنل ٹی20 کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کراچی میں جاری ہے جس میں ملک بھر سے 18 ٹیمیں شریک ہیں جنہیں 4 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، ٹورنامنٹ کے میچز نیشنل بینک اسٹیڈیم، یوبی ایل اسپورٹس کمپلیکس، ہائی پرفارمنس سینٹر اوول گراؤنڈ اور نیشنل بینک اسپورٹس کمپلیکس میں کھیلے جارہے ہیں۔
قبل ازیں ورلڈکپ 2023 کے دوران بنگلہ دیش اور سری لنکا کے میچ میں سری لنکن بیٹر اینجلو میتھیوز کو کرکٹ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ٹائم آؤٹ قرار دیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ اینجلو میتھیوز کے بعد صہیب مقصود ٹائم آؤٹ ہونے والے دوسرے کھلاڑی ہیں تاہم فرق یہ ہے کہ اینجلو میتھیوز کو انٹرنیشنل میچ میں جبکہ صہیب مقصود کو نیشنل میچ میں ٹائوٹ آئوٹ قرار دیا گیا۔