news
English

سریش رائنا نے پاکستان کے خلاف کھیلنے کے لیے ہاردک پانڈیا کی حمایت کردی

ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 میں بھارتی ٹیم کی مہم 5 جون کو آئرلینڈ کے خلاف شروع ہوگی، اس کے بعد پاکستان کے خلاف میچ کا انتظار کیا جائے گا جو 9 جون کو شیڈول ہے۔

سریش رائنا نے پاکستان کے خلاف کھیلنے کے لیے ہاردک پانڈیا کی حمایت کردی

سابق بھارتی بلے باز سریش رائنا نے پاکستان کے خلاف کھیلنے کے لیے ہاردک پانڈیا کی حمایت کردی۔ 
بھارتی آل رائونڈر ہاردک پانڈیا کا 2024 کا انڈین پریمیئر لیگ سیزن خاصا مشکل رہا کیونکہ ان کی ٹیم ممبئی انڈینز نے پوری جدوجہد کی مگر صرف چار کامیابیوں کے ساتھ آخری نمبر پر رہی۔ 
ممبئی انڈینز تنازعے کی زد میں اس وقت آئی جب ہاردک پانڈیا کو فرنچائز کا کپتان بنایاگیا، جس نے بہت سے شائقین کو پریشان کردیا، جس کے نتیجے میں انتظامیہ کے خلاف ردعمل سامنے آیا۔ پانڈیا نے ممبئی کے وانکھیڑے اسٹیڈیم میں ہجوم کی فقرے بازی کا سامنا کیا اور خراب کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 216 رنز بنائے جبکہ 14 میچوں میں انہوں نے 11 وکٹیں حاصل کیں۔  
آئی پی ایل میں جدوجہد کے باوجود، پانڈیا کو آئندہ ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے بھارت کی ٹیم میں شامل کیا گیا، حالانکہ ان کی فارم کے بارے میں خدشات برقرار ہیں۔
دوسری جانب سابق بھارتی اسٹار بلے باز سریش رائنا نے ہاردک پانڈیا پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، انہیں یقین ہے کہ وہ میگا ایونٹ میں چمکیں گے، خاص طور پر پاکستان کے خلاف میچ میں ان کی پرفارمنس زبردست ہوگی۔ 
سریش رائنا کا کہنا ہے کہ پانڈیا نے بھارت کے لیے واقعی اچھا کام کیا ہے۔ کھیل میں عارضی خرابیاں اور مشکلیں کسی کو مستقل برا نہیں بناتیں۔
اے این آئی سے بات چیت میں سریش رائنا نے کہا کہ جب وہ ورلڈ کپ میں پاکستان کے خلاف اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گا تو ہر کوئی اس کی تعریف کرے گا۔ 
ہاردک پانڈیا بھارت کیٹی 20 ٹیم کے لیے ہمیشہ سے ایک اہم کھلاڑی رہے ہیں، یہاں تک کہ 2023 میں جب روہت شرما اور ویرات کوہلی نے ون ڈے ورلڈ کپ پر توجہ مرکوز کی تھی تو ہاردک پانڈیا نے ٹیم کی قیادت بھی کی تھی۔
دوسری جانب ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے روہت شرما کی بطور کپتان واپسی کے بعد، پانڈیا ان کے نائب کے طور پر کام کریں گے۔ بلیوشرٹس کی ورلڈ کپ مہم 5 جون کو آئرلینڈ کے خلاف میچ سے شروع ہوگی، اس کے بعد 9 جون کو بھارت کا پاکستان کے خلاف میچ ہوگا۔