news

سوریا کمار نے رنکو سنگھ سے اوور کروا ڈالا، میچ بھی جیت لیا

سری لنکا کو جیت کے لیے12 گیندوں پر 9 رنز درکار تھے، سوریا کمار یادو نے جوا کھیلا اور رنکو سنگھ کو اوور دے دیا۔

سوریا کمار نے رنکو سنگھ سے اوور کروا ڈالا، میچ بھی جیت لیا

سری لنکا کے خلاف سیریز کے آخری میچ میں بھی سپر اوور پر کامیابی سمیٹ کر بھارت نے میزبان سری لنکا کو کلین سوئپ کردیا۔ کپتان سوریا کمار یادیو کا کہنا تھا کہ مجھے معلوم ہے کہ یہ ایک مشکل فیصلہ تھا لیکن بائیں ہاتھ کا بلےباز کھیل رہا تھا اسی لیے میں نے رنگو سنگھ کو بال دی۔  
پالی کیلے میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 137 رنز بنائے اور سری لنکا کو جیت کیلئے 138 رنز کا ہدف دیا، ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی اوپننگ جوڑی نے 58 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ پاتھم نسانکا 26، کشال مینڈس 43 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ 
ابتدائی تین بلے بازوں کے علاوہ کوئی بھی سری لنکن بیٹر جم کر نہ کھیل سکا اور باقی پوری ٹیم ملکر اسکور میں صرف 9 رنز کا اضافہ کر سکی۔ سری لنکا کی ٹیم 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 137 رنز بناسکی۔ 
میچ برابر ہونے پر سپر اوور کرایا گیا جس میں سری لنکا 2 وکٹوں کے نقصان پر صرف 2 رنز بناسکا۔ 
اس میچ کی خاص بات یہ تھی کہ بھارتی ٹیم کے کپتان سوریا کمار یادیو نے محمد سراج اور واشنگٹن سندر کی موجودگی میں سپر اوور رینکو سنگھ سے کروایا اور انہوں نے محض 2 رنز دیکر 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کردیا۔ 
اس میچ میں کامیابی کے لئے بھارت کو محض 3 رنز کا ہدف ملا اور سوریا کمار نے پہلی گیند پر چوکا لگاکر میچ جتوادیا، میچ میں کپتان سوریا کمار یادیو نے بھی ایک اوور میں 5 رنز دیکر 2 وکٹیں لیں۔ 
کھیل کے اختتام پر پریزنٹیشن کے دوران گفتگو کے دوران کپتان سوریا کمار یادیو نے کہا کہ مجھے معلوم ہے یہ ایک مشکل فیصلہ تھا لیکن بائیں ہاتھ کا بلےباز کھیل رہا تھا اسی لیے رینکو سنگھ کو بال دی اور انہوں نے ہماری ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔