سوریا کمار یادیو کی زبردست سنچری اور کلدیپ یادیوکی بہترین بولنگ کے باعث بھارت نے جنوبی افریقہ کو ٹی 20 میچ میں شکست دی۔
بلیوشرٹس کے کپتان سوریا کماریادیو کی سنچری کے بعد کلدیپ یادو کی زبردست بولنگ کی مدد سے بھارت نے ٹی20 میچ میں جنوبی افریقہ کو 106 رنز سے شکست دے کر 3 میچوں کی سیریز کو 1-1 سے برابر کرنے میں کامیابی حاصل کی۔
وانڈررز اسٹیڈیم میں پہلے کھیلتے ہوئے بھارت نے 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 201 رنز بنائے جس کے جواب میں جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم 13.5 اوورز میں 95 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔
سوریا کمار یادو اور یشسوی جیسوال کے درمیان 112 رنز کی شراکت کے بعد کلدیپ یادو کی بہترین بولنگ نے بھارت کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ یہ ان کے ٹی 20 کیریئر میں تیسرا موقع ہے جب کلدیپ یادیو پانچ وکٹیں لینے میں کامیاب رہے۔
جنوبی افریقہ کے سات بلے باز اپنے اسکور کو دوہرے ہندسے تک لے جانے میں ناکام رہے۔ کلدیپ یادیو نے صرف 17 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں جبکہ رویندرا جڈیجہ نے دو، محمد سراج اور ارشدیپ سنگھ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بھارتی ٹیم نے تیزی سے رنز بنانے کا آغاز کیا لیکن کیشو مہاراج نے اننگز کے تیسرے اوور میں اوپنر شبھمن گل کو 8 اور تلک ورما کو0 پر چلتا کیا، تاہم، نئے بلے باز کے طور پر سوریا کمار یادیو نے کریز سنبھالی اور پہلے سے موجود یشسوی جیسوال کے ساتھ بغیر رنز میں تیزی سے اضافہ کیا۔
سوریا کمار یادیو نے اپنے ٹی ٹوئنٹی کیریئر کی تیسری سنچری اننگز میں 56 گیندوں کا سامنا کیا اور سات چوکے اور آٹھ چھکے لگائے۔
بھارتی بلے باز جیتیش شرما اپنے دوسرے میچ میں بھی ناکام ثابت ہوئے اور چار رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے جبکہ رویندرا جڈیجہ بھی چار رنز پر رن آؤٹ ہونے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ بھارتی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں صرف 201 رنز بنائے تاہم جنوبی افریقہ کے بلے باز ہدف کے حصول میں بری طرح ناکام رہے۔