آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف پہلی اننگز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 116 رنز بنالیے۔
سڈنی ٹیسٹ کا دوسرے روز آسٹریلیا نے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کیخلاف پہلی اننگز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 116 رنز بنالیے۔
سڈنی میں کھیلا جانے والا سیریز کا تیسرا ٹیسٹ میچ بارش اور خراب روشنی کے باعث روک دیا گیا ہے تاہم آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 116 رنز بنالیے ہیں، اوپنر ڈیوڈ وارنر 34 جبکہ عثمان خواجہ 47 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ مارنس لبوشین 23 اور اسٹیو اسمتھ 6 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں۔
پاکستان کی جانب سے آغا سلمان اور عبداللہ شفیق نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
گزشتہ روز پاکستانی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 313 رنز بناکر آل آؤٹ ہوئی تھی جبکہ آسٹریلوی ٹیم صرف ایک اوور بیٹنگ کرسکی تھی۔
پہلا روز:
پہلی اننگز میں پاکستانی ٹیم کی بیٹنگ لائن ایک مرتبہ پھر ریت کی دیوار ثابت ہوئی، ڈیبیو کرنیوالے نوجوان بیٹر صائم ایوب اور عبداللہ شفیق صفر پر پویلین لوٹے۔ مڈل آرڈر بیٹر بابراعظم نے 26 اور سعود شکیل 5 رنز کے مہمان ثابت ہوئے جبکہ کپتان شان مسعود 35 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ چھٹی وکٹ کی شراکت میں محمد رضوان اور سلمان علی آغا نے ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا لیکن 190 کے مجموعے پر رضوان 88 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوگئے۔ سلمان آغا 53 اور ساجد خان 15 رنز بناکر وکٹ گنوا بیٹھے۔ نویں وکٹ کی شراکت میں عامر جمال اور میر حمزہ نے 86 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی اور پاکستان کا اسکور 313 رنز تک پہنچایا۔ عامر جمال نے 4 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 82 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی تاہم وہ نتھین لائن کا شکار بنے۔
آسٹریلیا کی جانب سے پیٹ کمنز نے 4، مچل اسٹارک نے 2 جبکہ جوش ہیزل ووڈ، نتھین لائن اور مچل مارش نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
آسٹریلیا کا اسکواڈ:
کپتان پیٹ کمنز، ڈیوڈ وارنر، عثمان خواجہ، اسٹیو اسمتھ، مارنس لبوشین، نیتھن لوئن، مچل مارش، لانس مورس، مچل اسٹارک، اسکاٹ بولینڈ، ایلکس کیری، کیمرون گرین، جوش ہیزل وڈ اور ٹریوس ہیڈ شامل ہیں۔
پاکستان کا اسکواڈ:
کپتان شان مسعود، اوپنر صائم ایوب، عبداللہ شفیق، بابراعظم، سعود شکیل، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، سلمان علی آغا، ساجد خان، حسن علی، میر حمزہ اور عامر جمال شامل ہیں۔