news
English

ٹی20 ورلڈکپ 2024: پاکستان کے مقابلے کی ممکنہ تاریخ سامنے آگئی  

قومی ٹیم ایونٹ میں پہلا میچ کب کھیلے گی، ابتدائی شیڈول سامنے آگیا

ٹی20 ورلڈکپ 2024: پاکستان کے مقابلے کی ممکنہ تاریخ سامنے آگئی  

آئی سی سی ٹی20 ورلڈکپ 2024 میں پاکستان اور بھارت کے درمیان مقابلے کی تاریخ سامنے آگئی۔ 
میڈیا رپورٹس کے مطابق رواں سال امریکا اور ویسٹ انڈیز میں شیڈول آئی سی سی ٹی20 ورلڈکپ 2024 کا ابتدائی شیڈول تیار کرلیا گیا ہے، جس میں پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کو ایک ہی گروپ میں رکھا گیا ہے۔
 
رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ٹی20 ورلڈکپ کا آغاز 4 جون سے ہوگا جو 20 جون تک امریکا اور ویسٹ انڈیز میں کھیلا جائے گا، جس میں کُل 20 ٹیمیں شریک ہوں گی جنہیں 5،5 کی شکل میں چار گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔  
پاکستان کے علاوہ گروپ میں بھارت، آئرلینڈ، کینیڈا اور میزبان امریکا ایک ہی گروپ میں شامل ہیں۔ 
قومی ٹیم ایونٹ میں اپنا پہلا میچ 6 جون کو امریکا کے خلاف کھیلے گی جبکہ 9 جون کو روایتی حریف بھارت کے خلاف نیویارک میں مدمقابل آئے گی۔ اس میچ کو برصغیر کے ٹائم زون سے متعلق کرائے جانے کا امکان ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ شائقین کرکٹ لطف اندوز ہوسکیں۔  
قومی ٹیم 11 جون کو کینیڈا جبکہ 16 جون کو آئرلینڈ سے فلوریڈا میں ٹکرائے گی۔ 

واضح رہے کہ شیڈول کو منظوری کیلئے بورڈز اور براڈ کاسٹرز کو بھیج دیا گیا ہے، جس کی منظوری کے بعد حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔