news

ٹی20 ورلڈکپ: سپر12 مرحلے میں بھارت کا نیدرلینڈز کو 180 رنز کا ہدف

سڈنی: ٹی20 ورلڈکپ میں سپر 12 مرحلے کے گیارہویں میچ میں بھارت نے نیدرلینڈز کو جیت کے لئے 180 رنز کا ہدف دے دیا۔

ٹی20 ورلڈکپ: سپر12 مرحلے میں بھارت کا نیدرلینڈز کو 180 رنز کا ہدف

سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جارہے میچ میں بھارتی کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، مقررہ 20 اوورز میں بھارتی ٹیم 2 وکٹوں کے نقصان پر 179 رنز اسکور کیے۔

بھارتی اوپنر کے ایل راہول ایک بار پھر بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہے تاہم روہت شرما نے 53 جبکہ ویرات کوہلی نے 62 اور سوریا کمار یادیو نے 51 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ ویرات کوہلی اور سوریا کمار ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کے خلاف میچ کھیلنے والی بھارتی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔

نیدرلینڈز کی جانب سے فریڈ کلاسن اور پال وین میکرین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل پہلے کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقہ نے یکطرفہ مقابلے کے بعد بنگلادیش کو 104 رنز سے شکست دی تھی۔

دوسری جانب بھارتی کرکٹ ٹیم کے بیٹر کے ایل راہول کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے اس اہم میچ میں نیدرلینڈز کے خلاف بنا کوئی کارکردگی دکھائے جلدی آؤٹ ہونے کے بعد انٹرنیٹ پر مذاق کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

انٹرنیٹ پر صارفین نے بھارتی بیٹر کے ایل راہول کا اُس وقت پیچھا کرنا شروع کیا جب وہ پاکستان کے بعد آج سڈنی میں بھی نیدرلینڈز کے خلاف میچ میں کچھ خاص نہ کرسکے اور بیٹنگ میں ایک مرتبہ پھر مکمل ناکام ہوتے ہوئے 12 گیندوں پر صرف 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

ایک اکاؤنٹ سے کے ایل راہول کی کارکردگی پر ریسلنگ کے میچ کی مختصر ویڈیو شیئر کی گئی۔

انٹرنیٹ پر ایک صارف نے لکھا کہ کے ایل راہول سے زیادہ اچھا تو بوتل کھولنے والا اوپنر ہے۔

اس کے علاوہ دیگر مختلف اکاؤنٹس سے بھی بھارتی بیٹر کی کارکردگی پر ان کا مذاق بنایا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ آج نیدرلینڈز کے خلاف میچ میں ناکام ہونے سے قبل کے ایل راہول پاکستان کے خلاف میچ میں بھی جلد آؤٹ ہوگئے تھے۔بھارتی بیٹر پاکستان کے خلاف میچ میں اتوار کو 7 گیندوں کا سامنا کر کے صرف 4 رنز ہی بنا سکے تھے، جس کے بعد فاسٹ بولر نسیم شاہ نے انہیں بولڈ کردیا تھا۔