پرتھ: ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھارت کی شکست کے باوجود پاکستان کی سیمی فائنل تک رسائی ممکن ہے۔
آسٹریلیا میں کھیلے جارہے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے گروپ میچز کے دوران جنوبی افریقہ کے ہاتھوں بھارت کی شکست کے باوجود پاکستان کے لئے آگ جانے کی امید کی کرن باقی ہے۔
ماہرین کرکٹ کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سیمی فائنل میں رسائی اس صورت میں ممکن ہے کہ اگر جنوبی افریقہ ایک میچ ہار جائے اور بنگلا دیش یا زمبابوے میں سے کسی ایک ٹیم کے ہاتھوں بھارت کو شکست کا منہ دیکھنا پڑے اور پاکستان اپنے باقی تمام میچز جیتے تو امکان ہے کہ پاکستان اگلے مراحل تک جاسکتا ہے۔
واضح رہے کہ اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر بھارت کے 4 اور جنوبی افریقہ کے 5 پوائنٹس ہیں، اگر بھارت، جنوبی افریقہ سے میچ ہار جائے تو اس کے 6 پوائنٹس ہوجائیں گے اور پاکستان دونوں میچز جیت جائے تو اس کے پوائنٹس بھی 6 ہوجائیں گے۔ گذشتہ روز ہونے والا میچ جنوبی افریقہ نے جیت لیا تھا، جس کے بعد ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے پوائنٹس برابر ہوئے تو فیصلہ نیٹ رن ریٹ پر ہوگا۔
خیال رہے کہ پاکستان نے ٹی20 ورلڈکپ کے سپر 12 مرحلے کے 17 ویں میچ میں نیدرلینڈز کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ کی پہلی فتح اپنے نام کی ہے۔