پاکستان کرکٹ ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل کی تیاری کے سلسلے میں میلبرن میں بھرپور پریکٹس کی۔
انگلینڈ کے ساتھ میگا ایونٹ کا فائنل کھیلنے کے لئے شاہینوں نے زبردست تیاری کرلی، پریکٹس سیشن میں چیئرمین پی سی بی رمیز راجا بھی موجود تھے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے میلبرن پہنچنے پر بارش شروع ہوئی تو ٹیم نے انڈور ٹریننگ کا پلان بنایا لیکن کچھ دیر بعد بارش تھم گئی اور دھوپ نکل آئی جس کے بعد پاکستان ٹیم نے نیٹ ایریا میں پریکٹس سیشن کیا۔
شاداب خان کی غیر موجودگی سے متعلق ٹیم مینیجمنٹ نے بتایا کہ وہ آرام کرنا چاہتے تھے، انہیں کوئی انجری نہیں ہے۔
پریکٹس سیشن میں چئیرمین پی سی بی بھی موجود تھے جنہوں نے پریکٹس سیشن دیکھا اور ٹیم مینیجمنٹ سے ملاقات کی۔
اس موقع پر رمیز راجہ نے کھلاڑیوں کے ساتھ 1992 کے ورلڈ کپ کی یادیں بھی شیئر کیں۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا فائنل اتوار کو پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔
انگلینڈ کی ٹیم آج ایڈیلیڈ سے میلبرن پہنچے گی جس نے سیمی فائنل میں بھارت کو عبرت ناک شکست سے دوچار کیا تھا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ میگا ایونٹ کے فائنل سے قبل قومی ٹیم نے آج آپشنل ٹریننگ سیشن میں حصہ لیا تاہم لیگ اسپنر شاداب خان نے پریکٹس سیشن میں شرکت نہیں کی۔
نیٹ سیشن سے قبل چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے بھی قومی کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور کرکٹرز کا حوصلہ بڑھایا۔
انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم 92 کے فائنل سے قبل خوفزدہ تھے، یہ لڑکے دلیر ہیں دباؤ نہیں لے رہے: رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ ٹیم نے بہت محنت کی ہے اور کچھ کام نیدرلینڈز نے بھی کیا لیکن جس ٹیم کی نیت ٹھیک ہوتی ہے قدرت بھی اس کا ساتھ دیتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت سے فائنل ہوتا تو بڑا فائنل ہوتا، انگلینڈ کی ٹیم سے ہم حال ہی میں ہوم سیریز کھیلے ہیں۔
چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ ٹیم اوپر نیچے ہوتی رہتی ہے، مشکل صورتحال میں بھی پاکستان ٹیم ایک بن کر رہی، اس ٹیم سے فینز کو بہت امیدیں ہیں۔
رمیز راجہ نے بتایا کہ بابر اعظم سمیت ہر کھلاڑی کو کہا ہے کہ زندگی میں ایسے موقعے کم ملتے ہیں، ورلڈ کپ جیتنے کا اس سے بہترین موقع نہیں ملے گا۔
دوسری جانب گزشتہ روز انگلینڈ کے ہاتھوں 10 وکٹوں کی شکست کے ساتھ ہی بھارت ٹورنامنٹ سے باہر ہوگیا ہے، میگا ایونٹ کے فائنل میں پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں اتوار کو فائنل میں ٹکرائیں گی۔
واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی20 ورلڈکپ کا فائنل بارش سے 95 فیصد متاثر ہونے کا بھی امکان ہے۔