news
English

ڈالرز ہاتھ سے نکلتے دیکھ کرکرکٹرز چراغ پا ہو گئے

پی سی بی نے کھلاڑیوں سے کہا ہے کہ یہ بھارتیوں کا ایونٹ ہے، موجودہ حالات میں عدم شرکت ہی بہتر ہوگی

ڈالرز ہاتھ سے نکلتے دیکھ کرکرکٹرز چراغ پا ہو گئے فوٹو: رائٹرز

کراچی: ڈالرز ہاتھ سے نکلتے دیکھ کرکرکٹرز چراغ پا ہو گئے ٹی 10 لیگ میں شرکت کی اجازت کا مطالبہ کردیا۔

پی سی بی نے کھلاڑیوں سے کہا ہے کہ یہ بھارتیوں کا ایونٹ ہے، موجودہ حالات میں عدم شرکت ہی بہتر ہوگی۔  ٹی10 لیگ کا انعقاد 15 سے 24 نومبر تک ابوظبی میں ہوگا، اس میں پاکستانی کرکٹرز شاہد آفریدی، محمد حفیظ، عماد وسیم، فہیم اشرف، عمران نذیر اور سہیل اختر (قلندرز)، محمد عامر (ابوظبی)، شعیب ملک، سہیل تنویر، محمد حسنین ( دہلی بلز) محمد عرفان (مراٹھا عربیئنز) انور علی (دکن گلیڈی ایٹرز) اور وہاب ریاض (ناردرن واریئرز) کو حصہ لینا تھا۔

ڈرافٹ کیلیے این او سی دینے کے بعد اچانک کرکٹ بورڈ نے شریک کرکٹرز کو بذریعہ ای میل اطلاع دی کہ ڈومیسٹک مقابلوں کو ترجیح دیتے ہوئے ٹی 10 لیگ میں حصہ نہ لیں،اطلاعات کے مطابق فی الحال صرف آفریدی اور عمران نذیر ہی ایونٹ میں شریک ہو سکتے ہیں کیونکہ دونوں کو کسی این او سی کی ضرورت نہیں ہے۔

اس فیصلے نے کھلاڑیوں کو ناراض کردیا، ہاتھ آئی رقم  نہ ملنے پر انھوں نے بورڈ کے سامنے ڈھکے چھپے الفاظ میں احتجاج ریکارڈ کرا دیا، چند کرکٹرز نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہا کہ اگر اجازت نہیں دینی تھی تو ڈرافٹ کیلیے نام کیوں بھیجنے دیے، ہمارے نقصان کی تلافی کون کرے گا؟

ذرائع نے بتایا کہ پی سی بی نے کھلاڑیوں سے کہا ہے کہ بھارتیوں کی لیگ ہے، ان دنوں جو حالات چل رہے ہیں ایسے میں شرکت نہ کرنا ہی مناسب ہوگا، ایسے میں چند پلیئرز نے یہ اعتراض اٹھایا کہ اگر ایسی بات ہے تو پھر 2 پاکستانی کیوں ٹی 10 لیگ کھیل رہے ہیں؟ یا تو کسی کو نہ جانے دیں یا پھر سب کو اجازت دے دیں۔ اس معاملے میں رواں ہفتے ہی مزید پیش رفت سامنے آنے کا امکان ہے، ذرائع کے مطابق لیگ میں 51 فیصد شیئرز ایک پاکستانی کے ہیں۔