مین ان گرین نے 17.3 اوورز میں 107 رنز کے معمولی ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے پُرسکون جیت حاصل کی۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 میں کینیڈا کے خلاف پاکستان کی جیت کے بعد بابر اعظم کا اظہارِخیال، کہتے ہیں ہمارے لیے یہ فتح ضروری تھی، میچ جلد ختم کرنا چاہتے تھے مگر ایسا نہیں ہوسکا۔
تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کے کپتان نے کینیڈا کے خلاف 7 وکٹوں سے پہلی فتح حاصل کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اس کامیابی کو قومی ٹیم کے لیے ضروری قرار دیتے ہوئے اس کا کریڈٹ بولرز کو دیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے کینیڈا کے خلاف شروع سے اچھی بولنگ کی اور بولرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرکے کینیڈا کو 106 رنز تک محدود رکھا۔ بابر اعظم نے کہا کہ ہم یہ ہدف 13.5 اوورز میں حاصل کرنا چاہتے تھے تاکہ رن ریٹ امریکا سے اچھا ہوجائے مگر پچ مشکل ہونے کی وجہ سے ایسا نہیں ہوسکا۔ 29 سالہ کھلاڑی نے آؤٹ ہونے کے بعد اپنی مایوسی کو بھی ظاہر کیا ان کا کہنا تھا کہ "کیونکہ میں ایک ہی شاٹ پر دو بار آؤٹ ہوا، اس لیے مجھے بہت برا لگا، بابر اعظم نے کہا کہ یہ چونکہ میرا شاٹ ہے لیکن کبھی کبھی آپ کو کامیابی ملتی ہے مگر کبھی کبھی آپ ویسا نہیں کرپاتے جیسا چاہ رہے ہوتے ہیں۔"
انہوں نے کہا کہ اگلے میچ کے لیے فلوریڈا کی کنڈیشنز نیویارک سے بہتر ہیں اور ہم آئرلینڈ کے خلاف جیت کا سوچ کرہی میدان میں اتریں گے جبکہ تمام کھلاڑی فتح حاصل کرنےکے لیے کھیلیں گے۔،،
واضح رہے کہ نیویارک میں کھیلے گئے میچ میں کینیڈا نے پاکستان کو جیت کے لیے107رنز کا ہدف دیا، جسے قومی ٹیم نے 17.3 اوورز میں تینوں وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا، محمد رضوان 53 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے جبکہ کپتان بابر اعظم 33 رنز پر وکٹ کیپر کو ایک آسان کیچ تھما بیٹھے۔